لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس (یونیفیل) نے اپنی چیک پوسٹ کو اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نقصان پہنچائے جانے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 کی کھلی پامالی قرار دیا ہے۔
گزشتہ روز اسرائیل کی فوج نے راس نقورہ میں قائم یونیفیل کی پوسٹ پر کھدائی کرنے والی مشینوں اور بلڈوزر سے حملہ کیا جس میں احاطے کی باڑ اور عمارت کا ایک حصہ تباہ ہو گئے۔
Statement:
— UNIFIL (@UNIFIL_) November 8, 2024
Yesterday, two IDF excavators and one IDF bulldozer destroyed part of a fence and a concrete structure in a UNIFIL position in Ras Naqoura. In response to our urgent protest, the IDF denied any activity was taking place inside the UNIFIL position. pic.twitter.com/gQm02hjNTG
یونیفیل کے ترجمان نے کہا ہےکہ اس واقعے پر اسرائیلی فوج سے احتجاج کیا گیا لیکن اس نے واقعے سے لاعلمی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی جانب سے یونیفیل کی حدود میں کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
یونیفیل پر دانستہ حملہ
یونیفیل کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، اسرائیلی فوج کی یہ کارروائی دانستہ تھی کیونکہ یونیفیل کی تنصیبات پر ضروری شناختی علامات واضح ہیں۔ اسرائیل کی فوج اور دیگر کرداروں کو چاہیےکہ وہ ہر طرح کے حالات میں اقوام متحدہ کے اہلکاروں اور املاک کا تحفظ اور سلامتی یقینی بنانے کی ذمہ داری پوری کریں۔
بیان کے مطابق، گزشتہ روز پیش آنے والا واقعہ ایسے ہی دیگر سات واقعات کی طرح یونیفیل کو نشانہ بنانے کی دانستہ کوشش تھا۔ 30 ستمبر کے بعد اسرائیل کی فوج نے تواتر سے مطالبہ کیا ہے کہ یونیفیل کے اہلکار ‘اپنے تحفظ’ کی خاطر بلیولائن پر اپنی پوزیشنوں سے پیچھے ہٹ جائیں۔
طبی مراکز اور سکول بند
فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے (انروا) نے لبنان میں جاری اسرائیل کے حملوں کے تناظر میں تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہےکہ اس وقت ملک میں ادارے کے 27 طبی مراکز میں سے 15 ہی کام کر رہے ہیں۔ جنگ سے متاثرہ آبادی کو مدد دینے کے لیے گزشتہ دنوں اردن کی جانب عمان راہداری سے ادویات اور طبی سازوسامان لے کر دو ٹرک لبنان پہنچے ہیں۔
ادارے نے یہ بھی بتایا ہے کہ سلامتی کے خدشات کے باعث لبنان بھر میں 25-2024 کا تعلیمی سال منسوخ کر دیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ کے امدادی اقدامات
جنگ کے باعث ہزاروں خاندانوں کو موسم سرما کی آمد پر شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے دفتر (یو این ایچ سی آر) کے عملے نے المینیہ کے ایک سکول میں قائم پناہ گاہ کا دورہ کر کے بے گھر خاندانوں سے ملاقات کی ہے۔ ادارہ انہیں موسم سرما کا مقابلہ کرنے کے لیے مدد بھی فراہم کر رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے پناہ گاہ میں پانی کے ہیٹر نصب کیے گئے ہیں اور مکینوں کو محفوظ و گرم رکھنے کا بندوبست کیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ کا ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) جنگ کے دوران لبنان کو قدرتی آفات سے تحفظ کے اقدامات میں بھی مدد دے رہا ہے۔ادارے کے ریجنل ڈائریکٹر عبداللہ داردر نے کہا ہے کہ ادارے کی جانب سے لبنان کے نیشنل آپریشنز روم اور ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ یونٹ کو مدد فراہم کی جا رہی ہے۔