
© UNICEF/Marissa Sargi شام میں یونیسف کی مدد سے کام کرنے والے ایک مرکز صحت پر غذائی قلت کے شکار بچے کا معائنہ کیا جا رہا ہے۔
امدادی اداروں نے خبردار کیا ہے کہ شام کو سلامتی اور انسانی امداد کی قلت کے شدید مسائل کا سامنا ہے جہاں شمال مشرقی علاقے منبج میں جاری لڑائی کے باعث حالیہ دنوں 25 ہزار سے زیادہ لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔
امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر (اوچا) نے بتایا ہے کہ گزشتہ ہفتے حلب اور تشرین ڈیم کے قریبی علاقوں میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ یہ ڈیم شمالی شام پر قبضہ کرنے کے خواہش مند گروہوں کا خاص ہدف ہے۔ ان میں ترکیہ کی پشت پناہی میں سرگرم سیرین نیشنل آرمی (ایس این اے) اور کرد شامی جمہوری فورسز (ایس ڈی ایف) اور کرد ورکرز پارٹی یا پیپلز پروٹیکشن یونٹ شامل ہیں۔
تشدد اور ہلاکتیں
بڑھتے ہوئے تشدد کے نتیجے میں بے گھر ہو جانے والے لوگوں کی تعداد 27 جنوری تک 652,000 ہو گئی تھی۔ 25 جنوری کو منبج کے ایک قصبے میں بمباری کے نتیجے میں بچوں سمیت متعدد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ہفتے کو شہر کے شمالی علاقے جارابلوس میں ایک پناہ گزین کیمپ کے قریب لڑائی میں دو بچوں سمیت سات افراد کی ہلاکت ہوئی۔
اُسی روز ایک ہسپتال اور سکول کے سامنے کار بم دھماکے میں ایک شہری ہلاک اور سات زخمی ہو گئے۔ گزشتہ ہفتے ‘اوچا’ نے ساحلی علاقوں میں بھی لڑائی اور بڑھتی ہوئی مجرمانہ سرگرمیوں کی اطلاع دی تھی جن میں لوٹ مار اور توڑپھوڑ کے واقعات بھی شامل ہیں جن کی وجہ سے رات کے وقت شہریوں کی نقل و حرکت غیرمحفوظ ہو گئی ہے۔
‘اوچا’ نے بتایا ہے کہ جنوبی شام میں گولان کی پہاڑیوں کے قریب قنیطرہ میں اسرائیل کی عسکری کارروائیاں بھی جاری ہیں۔
بڑے پیمانے پر امدادی ضروریات
‘اوچا’ نے خبردار کیا ہے کہ سرکاری خدمات کے فقدان اور مالی وسائل کی کمی کے باعث امدادی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ حمص اور حمہ میں ہر آٹھ گھنٹے کے بعد تقریباً ایک ہی گھنٹہ ہی بجلی دستیاب ہوتی ہے۔ شمال مغربی شام میں رواں سال 102 طبی مراکز کے پاس مالی وسائل اور طبی سازوسامان کی قلت ہے۔
ملک میں ایک کروڑ 67 لاکھ لوگ یا تقریباً دو تہائی ملکی آبادی کو کسی نہ کسی طرح کی انسانی امداد درکار ہے۔ 70 لاکھ لوگ بے گھر ہیں اور شدید غذائی قلت میں اضافہ ہو رہا ہے۔
گزشتہ دنوں اقوام متحدہ اور اس کے امدادی شراکت داروں نے رواں سال مارچ تک ملک میں 67 لاکھ لوگوں کو مدد پہنچانے کے لیے 1.2 ارب ڈالر کے امدادی وسائل مہیا کرنے کی اپیل کی ہے۔