
دہلی میٹرو کے کرایوں میں اضافے کے وائرل دعوے گمراہ کن ہیں؛ تصویر 2017 کی ہے
دعویٰ
قومی دارالحکومت دہلی میں 5 فروری 2025 کو انتخابات ہوئے اور 8 فروری 2025 کو نتائج کا اعلان کیا گیا۔ بی جے پی نے دہلی میں انتخابات جیتے اور 27 سال کے طویل وقفے کے بعد دہلی میں دوبارہ اقتدار میں آئی ہے۔
اس پس منظر میں سوشل میڈیا پر یوزرس گمراہ کن اور جھوٹے دعوے پھیلا رہے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی، سوشل میڈیا پر کچھ یوزرس دہلی کے شہریوں اور دہلی میٹرو کے باقاعدہ مسافروں کے ذہنوں میں خدشات پیدا کر رہے ہیں۔
ایک یوزر نے X (پہلے ٹویٹر) پر پوسٹ کیا: "دہلی کے لیے پریشانیاں شروع ہو گئی ہیں کیونکہ بی جے پی نے دہلی میٹرو کے کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ نئی حکومت کی طرف سے نئے تحفے۔”

فیکٹ چیک
وائرل پوسٹ میں کیے گئے دعووں کی تحقیقات کے لیے ڈی ایف آر اے سی ٹیم نے ریورس امیج سرچ کیا۔ سوشل میڈیا پریوزر نے اپنی پوسٹ میں جو تصویر استعمال کی ہے، وہ 2017 کے این بی ٹی (نو بھارت ٹائمس) کی ایک رپورٹ کی پرانی تصویر ہے۔
این بی ٹی کی یہ 2017 کی رپورٹ اس سال دہلی میٹرو کے کرایوں میں اضافے پر بحث کرتی ہے۔ حالانکہ، یہ پرانی ہے اور دہلی میں بی جے پی کی انتخابی جیت کے بعد 2025 کے کرایوں سے اس کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

مزید تحقیقات کے لیے، ڈی ایف آر اے سی, نے دہلی میٹرو کے سرکاری ٹویٹر ہینڈل کو چیک کیا۔ 12 فروری 2025 کی ایک پوسٹ میں یہ وضاحت کی گئی ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے دعووں میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔ پوسٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ایک آزاد کرایہ مقررہ کمیٹی ہے جس کے پاس دہلی میٹرو کے کرایوں میں نظرثانی کا اختیار ہے۔ اسی میں آگے بتایا گیا کہ یہ کمیٹی دہلی حکومت کے تحت تشکیل دی جاتی ہے اور فی الحال دہلی میں منتخب ہونے والی بی جے پی حکومت کے تحت ایسی کوئی کمیٹی تشکیل نہیں دی گئی ہے۔

تحقیقات کے دوران ، ڈی ایف آر اے سی, کو کرایہ مقررہ کمیٹی کے بارے میں پتہ چلا، جو ایک اسٹیشن سے دوسرے اسٹیشن تک سفر کے لیے مسافروں کے کرایے طے کرتی ہے۔ میٹرو ریلوے (آپریشن اینڈ مینٹیننس) ایکٹ، 2002 کے باب VII میں کرایوں کے تعین سے متعلق سیکشن 33 سے 37 تک ہیں۔ اس ایکٹ کی سیکشن 34 میں مسافروں کے کرایوں کے تعین کے لیے کرایہ مقررہ کمیٹی کے قیام کا ذکر ہے۔ اس کمیٹی میں ایک چیئرپرسن اور دو دیگر ارکان ہوتے ہیں۔ کمیٹی کی صدارت ہائی کورٹ کے موجودہ یا سابق جج کر سکتے ہیں۔ مرکزی اور ریاستی حکومت کمیٹی کے ہر رکن کو نامزد کر سکتی ہے۔ ہائی کورٹ کے موجودہ جج کو اس ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سے مشورے کے بعد مقرر کیا جاتا ہے۔

سیکشن 37 کے مطابق، کمیٹی کی سفارشات میٹرو انتظامیہ پر لازم ہوں گی۔

آخری ایسی کمیٹی 2016 میں تشکیل دی گئی تھی۔ یہ چوتھی کرایہ مقررہ کمیٹی تھی۔ کمیٹی کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ کرایوں کو دو مرحلوں میں نافذ کیا جائے گا۔ پہلا مرحلہ 1 اکتوبر 2016 سے نافذ ہوگا اور دوسرا مرحلہ 1 اکتوبر 2017 تک نافذ کیا جائے گا۔ کمیٹی نے آف پیک اوقات میں سمارٹ کارڈ یوزرس کے لیے رعایت اور اتوار اور تین قومی تعطیلات پر سفر کے لیے ہر سلیب میں کم کرایوں کا ڈھانچہ تجویز کیا۔
نتیجہ
لہٰذا، ، ڈی ایف آر اے سی, کے فیکٹ چیک سے واضح ہے کہ یوزر کا دعوی گمراہ کن ہے، کیونکہ پوسٹ میں 2017 کی رپورٹ سے لی گئی تصویر استعمال کی گئی ہے جو اس وقت دہلی میٹرو کے کرایوں میں نظرثانی سے متعلق تھی۔ آخری کرایہ مقررہ کمیٹی 2016 میں تشکیل دی گئی تھی۔ اس کے بعد ایسی کوئی کمیٹی تشکیل نہیں دی گئی ہے اور دہلی میٹرو کے موجودہ کرایوں میں نظرثانی کے لیے کوئی نئی سفارش پیش نہیں کی گئی ہیں۔
تجزیہ: گمراہ کن