سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ لیبیا کے مشہور حاجی، عامر المہدی منصور القذافی، کی حج کے دوران موت ہو گئی ہے۔ عامر القذافی اُس وقت میڈیا کی سرخیوں میں آئے جب "قذافی” نام کی وجہ سے انہیں ہوائی اڈے پر جہاز میں سوار ہونے کی اجازت نہیں ملی۔ اس کے بعد دو مرتبہ تکنیکی خرابی کے باعث جہاز کو لینڈنگ کرنی پڑی۔ تاہم تیسری بار جب پائلٹ نے عامر القذافی کے ساتھ پرواز بھری، تو وہ بحفاظت مکہ پہنچ گئے۔
’زُبیر‘ نامی ایک یوزر نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا: "عامر قذافی سعودی عرب میں حج کے دوران انتقال کر گئے! جی ہاں، وہی عامر قذافی جن کے بغیر جہاز نہیں چل رہا تھا۔ یقیناً یہی لوگ اللہ کے نیک بندے ہیں۔ اللہ کو ان کی کون سی ادا پسند آئی کہ ان کی جان مقدس جگہ پر، مقدس فریضہ کی ادائیگی کے دوران اور مقدس دنوں میں لی۔ سبحان اللہ!”

دیگر کئی یوزرس نے بھی یہی دعویٰ کرتے ہوئے پوسٹس شیئر کیں، جنہیں یہاں، یہاں اور یہاں کلک کرکے دیکھا جا سکتا ہے۔
فیکٹ چیک:
DFRAC کی ٹیم نے اس وائرل دعوے کی سچائی جاننے کے لیے گوگل پر کچھ کی الفاظ سرچ کی۔ ہمیں "یوم-7” (@youm7) سمیت کئی میڈیا رپورٹس ملیں۔ "یوم-7” سے گفتگو کرتے ہوئے عامر القذافی نے خود بتایا کہ وہ مکمل طور پر صحت مند اور خوشحال ہیں اور انہوں نے حج مکمل کر لیا ہے۔

"یوم-7” نے عامر القذافی کی ایک ویڈیو بھی اپلوڈ کی ہے، جس میں وہ اپنے اہل خانہ کو اپنی صحت کے بارے میں تسلی دیتے نظر آ رہے ہیں اور یہ بھی بتا رہے ہیں کہ وہ حج مکمل کرنے کے لیے منیٰ روانہ ہوں گے۔
نتیجہ:
DFRAC کے فیکٹ چیک سے واضح ہے کہ لیبیا کے حاجی، عامر المہدی منصور القذافی کے حج کے دوران انتقال کی خبر جھوٹی ہے۔ عامر القذافی نے خود اپنے اہل خانہ اور میڈیا کو بتایا کہ وہ صحیح سلامت اور خوشحال ہیں۔