بھارت کے مشہور گلوکار کمار سانو کی اسٹیج پرفارمنس کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا سائٹ فیس بک پر وائرل ہو رہا ہے۔ اس ویڈیو میں کمار سانو کو فلم ’پھول اور انگار‘ کے گانے ’دھیرے دھیرے دل تیرا چرائیں گے‘ کی لائنیں گاتے ہوئے اور کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ’عمران خان کو آزاد کرائیں گے ، وزیر اعظم بنائیں گے‘۔
کمار سانو کے اس ویڈیو کو پاکستانی فیس بک یوزرس نے بڑے پیمانے پر شیئر کیا ہے۔ اس گانے کے ساتھ پاکستانی یوزرس کا دعویٰ ہے کہ کمار سانو نے پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کے لیے نیا گانا گایا ہے۔
اس ویڈیو کو کئی دوسرے یوزرس نے بھی شیئر کیا ہے۔ جسے یہاں اور یہاں کلک کرکے دیکھا جاسکتا ہے۔
فیکٹ چیک
وائرل ویڈیو کی پڑتال کے لیے ڈی فریک ٹیم نے گوگل لینس کی مدد سے ویڈیو کے کی فریمس کو ریورس امیج سرچ کیا ۔ ہمیں ایک یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ آسٹریلیا کے شہر برسبین میں منعقد کمار سانو کے کنسرٹ کا ایک ویڈیو ملا ۔ اس ویڈیو کا دورانیہ 1:29:11 منٹ ہے۔ اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کمار سانو نے عمران خان کے لیے گانا نہیں گایا ہے۔
اس ویڈیو میں 1:22:15 سے 1:22:25 منٹ تک کا وائرل حصہ بھی دیکھا جا سکتا ہے، لیکن یہاں کمار سانو نے سابق پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کی حمایت میں کوئی گانا نہیں گایا ہے ۔ اس دورانیے میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کمار سانو نے 1991 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ترینیتر‘ کا گانا ’میں تجھے چھوڑکر کہاں جاؤں گا‘ گاتے ہیں ۔
نتیجہ
ڈی فریک کے فیکٹ چیک سے واضح ہے کہ کمار سانو نے سابق وزیراعظم عمران خان کی حمایت میں کوئی گانا نہیں گایا ہے۔ کمار سانو کے اسٹیج پرفارمنس والے ویڈیو میں اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے ایڈٹ کرکے عمران خان والا گانے کو جوڑا گیا ہے۔ اس لیے پاکستانی یوزرس کا دعویٰ گمراہ کن ہے۔