نارتھ ایسٹ دہلی سے INDIA اتحاد کے تحت کانگریس کے لوک سبھا امیدوار کنہیا کمار کا ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے۔
اس ویڈیو میں کنہیا کمار کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے،’ہماری تاریخ یہاں سے وابستہ ہے۔ ہم سبھی عرب سے چل کر یہاں نہیں آئے ہیں۔ ہم یہیں پلے بڑھے ہیں۔ اور اس دین (اسلام) کا جو خاصہ تھا اور جو پرانے دھرم تھے، جس میں چھوا چھوت تھا۔ اس کی وجہ سے لوگوں نے چھوڑ کر اس مذہب کو اپنایا ہے۔ کیونکہ یہ پیس (امن) کی بات کرتا ہے، برابری کی بات کرتا ہے۔ مسجد میں اونچ نیچ نہیں ہوتی ہے۔ اس بنیاد پر ہم نے اس مذہب کو اپنایا ہے۔ اس کو چھوڑ کر نہیں جائیں گے۔ ہم خود کو بھی بچائیں گے اور اپنی قوم کو بچاتے ہوئے اس ملک کو بھی بچائیں گے۔ یہ ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔ اللہ کے پاس بہت طاقت ہے۔ اللہ تعالیٰ ہماری حفاظت کرے‘۔
ویڈیو شیئر کرنے والے یوزرس لکھ رہے ہیں کہ- ’یہ کنہیا تو عبدل نکلا بھائی، میں مسلمان بن چکا ہوں۔ سب کو مسلمان بن جانا چاہیے۔ اللہ سے طاقتور کوئی نہیں۔ اسلام میں چھوا چھوت نہیں ہے۔ لفظوں میں کنہیا کمار کو کیا کہیں گے آپ‘۔
فیکٹ چیک:
DFRAC ٹیم نے وائرل ویڈیو کی جانچ-پڑتال کی۔ ٹیم کو یہ ویڈیو یوٹیوب چینل ’One Channel‘ کی جانب سے 27 اگست 2018 کو اپلوڈ 34:31 کے ایک ویڈیو میں ملا۔
در حقیقت مہاراشٹر کے شہر ناندیڑ میں منعقدہ ایک پروگرام میں کنہیا کمار مسلم کمیونٹی کی معزز شخصیات کے سوالوں کے جوب دے رہے تھے۔
اس ویڈیو میں 11:50 منٹ پر دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ اسلام پر اپنے ذاتی اعتقاد کے بطور گفتگو نہیں کر رہے تھے بلکہ مولانا ابو الکلام آزاد کے لفظوں کی تشریح کر رہے تھے کہ ہماری تاریخ یہاں سے وابستہ ہے۔ ہم سبھی عرب سے چل کر یہاں نہیں آئے…
DFRAC ٹیم نے پایا کہ ویڈیو کے تین حصوں کو (11:50 سے 12:25، 16:02 سے 16:07 اور 15:12 سے 15:16 تک) کو جوڑ کر ویڈیو، وائرل کیا گیا ہے۔
پوری ویڈیو سننے پر سامنے آیا کہ 15:03 منٹ پرکنہیا کمار کہہ رہے ہیں کہ کوئی بھی آپ کے پاس قوم کا رہبر بن کر آئے اور یہ کہے کہ ہم مذہب کی حفاظت کریں گے تو آپ اسے بھی برابر جواب دیجیے۔ ان سے کہیے کہ ہمارے اللہ کے پاس بہت طاقت ہے۔ ہمیں وہ چاہیے جو ہمارے لیے تعلیم، روزگار اور صحت خدمات پر بات کر سکے۔ ہمارے کاروبار-دھندے کو تحفظ فراہم کیے جانے کی بات کر سکے۔ ہمیں ایسے نمائندے چاہیئیں۔ اللہ ہماری حفاظت کرے گا…‘
جہاں کنہیا کمار مولانا ابو الکلام آزاد کو نقل کر رہے تھے، اسی حصے میں الگ الگ دو مزید ویڈیو کلپ جوڑ کر یہ دکھانے کی کوشش کی گئی ہے کہ وہ بطور ایک مسلمان بول رہے ہیں۔
نتیجہ:
زیر نظر DFRAC کے فیکٹ چیک سے واضح ہے کہ کانگریس کے رہنما کنہیا کمار کے پانچ برس پرانے ویڈیو کے مختلف حصوں کو ایڈٹ کرکے جوڑا گیا ہے اور پھر اسے گمراہ کُن دعوے کے ساتھ شیئر کیا گیا ہے۔
نیز، عیاں ہو کہ وائرل ویڈیو کا LokSabhaElections2024سے کوئی علاقہ نہیں ہے۔ لہٰذا، سوشل میڈیا یوزرس کی جانب سے کنہیا کمار کے اسلام قبول کیے جانے کا دعویٰ غلط ہے۔