حال ہی میں گینگسٹر لارنس بشنوئی سیاستدان بابا صدیقی کے قتل کے بعد سرخیوں میں ہیں۔ وقتاً فوقتاً گینگسٹر لارنس بشنوئی کی اداکار سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی جیسی خبریں بھی میڈیا میں آتی رہتی ہیں۔ حال میں سلمان خان کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ جس میں سلمان کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، "مان لیا، تم بہت طاقتور ہو، تم بہت بہادر ہو، تم اتنے بہادر ہو، اتنے طاقتور ہو، کہ تم اپنے گھر والوں کو کندھا دو گے، ان کی ارتھی اٹھاؤ گے، تم میں اتنی ہمت ہے ،اور کیوں تم یمراج اور ملک الموت بننا چاہتے ہو، اور کیوں تم اپنے گھر والوں پر انا للہ اور رام نام ستیہ پڑھنا چاہتے ہو؟” یوزرس اس ویڈیو کو شیئر کر دعویٰ کر رہے ہیں کہ سلمان خان نے گینگسٹر لارنس بشنوئی کو دھمکی دی ہے۔
ایک یوزر نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سلمان خان نے لارنس بشنوئی کو واضح الفاظ میں جواب دیا ہے۔ لڑو گے تو مٹ جاؤ گے۔”
اس کے علاوہ دیگر یوزرس نے بھی ویڈیو شیئر کر اسی طرح کے دعوے کیے ہیں۔ جسے یہاں، یہاں اور یہاں کلک کرکے دیکھا
جاسکتا ہے۔
فیکٹ چیک
وائرل ویڈیو کی پڑتال کے لیے ڈی فریک ٹیم نے گوگل پر ویڈیو کے کی فریمس کو ریورس امیج سرچ کیا۔ ہمیں 16 اپریل 2020 کو انٹرٹینمنٹ نیوز پورٹل پیپنگ مون کے یوٹیوب چینل پر پوسٹ کی گئی سلمان خان کی 9 منٹ 45 سیکنڈ کی یہی ویڈیو ملی۔ یہاں ویڈیو کی تفصیل میں لکھا گیا ہے، "سلمان خان نے ان لوگوں کو سخت پیغام دیا جو لاک ڈاؤن کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے، کووڈ "19 ۔ اس ویڈیو میں سلمان خان نے لوگوں سے کووڈ 19 کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی تھی اور کووڈ 19 لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔ 8 منٹ 24 سیکنڈ سے لے کر 8 منٹ 54 سیکنڈ تک کی اس ویڈیو میں سلمان خان وہی الفاظ کہتے ہیں جو وائرل ویڈیو میں کہے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ ہمیں یہ ویڈیو سلمان خان کے آفیشل یوٹیوب چینل اور اداکار کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی اپ لوڈ ملی۔ جس میں اداکار نے کووڈ 19 لاک ڈاؤن کے بارے میں بات کی۔ اور لوگوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی۔
اس کے علاوہ اس ویڈیو کا تقریباً 2 منٹ کا کلپ بھی سنسد ٹی وی کے یوٹیوب چینل پر 16 اپریل 2020 کو اپ لوڈ کیا گیا ہے۔ جب کہ تفصیل میں لکھا گیا ہے، ’’لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے سلمان خان کا پیغام‘‘۔
نتیجہ
ڈی فریک کے فیکٹ چیک سے واضح ہے کہ یوزرس نے لاک ڈاؤن کے دوران کی سلمان خان کی ویڈیو کو لارنس بشنوئی کے لیے سلمان کی دھمکی بتا کر گمراہ کن دعویٰ کیا ہے۔ یہ ویڈیو اپریل 2020 کی ہے، جب سلمان خان نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں سے گھر پر رہنے کی اپیل کی تھی۔