
فیکٹ چیک: کیا سنیتا ولیمز نے کہا – 'میں جلد منی پور کے دورے پر جاؤں گی اور وزیراعظم سے سوال کروں گی'؟
286 دن تک خلا میں رہنے کے بعد دو ہفتے پہلے 19 مارچ 2025 کو سنیتا ولیمز اپنے ساتھیوں کے ساتھ زمین پر واپس آئیں۔ انہوں نے خلا سے واپسی کے بعد میڈیا کے ساتھ اپنے تجربات بھی شیئر کیے۔ اسی دوران سوشل میڈیا پر ان کے نام سے ایک دعویٰ وائرل ہو رہا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ وہ منی پور کا دورہ کریں گی اور وزیراعظم نریندر مودی سے سوال کریں گی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر وریفائڈ یوزر چراغ پٹیل نے ایک پوسٹر شیئر کیا ہے۔ اس وائرل پوسٹر پر نیوز 24 ڈیجیٹل کا لوگو اور سنیتا ولیمز کی تصویر لگی ہوئی ہے۔ پوسٹر پر لکھا ہے:”سنیتا ولیمز – میں جلد منی پور کے دورے پر جاؤں گی اور وزیراعظم سے سوال کروں گی۔”

اس کے علاوہ کئی دیگر یوزرس نے بھی اسی طرح کے دعوے کے ساتھ اس وائرل پوسٹر کو شیئر کیا ہے۔ جسے یہاں اور یہاں کلک کرکے دیکھا جا سکتا ہے ۔
فیکٹ چیک
وائرل دعوے کی جانچ کے لیے ڈی ایف آر اے سی DFRAC نے ایکس پر News 24 کے آفیشیل ہینڈل کو چیک کیا۔ ہمیں اصل پوسٹر دیکھنے کو ملا، جس پر 01 اپریل 2025 کو شیئر کیا گیا تھا اور اس پر لکھا تھا: "میں جلد بھارت کے دورے پر آؤں گی: سنیتا ولیمز”۔

مزید تحقیق میں ہمیں Dainik Bhaskar کی ایک رپورٹ ملی، جس میں انٹرویو کے دوران سنیتا ولیمز نے کہا:
"میں یقینی طور پر اپنے والد کے ملک بھارت جاؤں گی اور لوگوں سے ملیں گی۔ جلد ہی ایکسیوم مشن پر جانے والے بھارتی خلاباز کے بارے میں میں بہت پرجوش ہوں۔ یہ بہت اچھا ہے۔ وہاں ان کے اپنے ملک کا ایک ہیرو ہوگا جو انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن کے بارے میں اپنے نقطہ نظر سے بات کر سکے گا۔ مجھے امید ہے کہ میں کسی وقت ان سے مل سکوں اور ہم بھارت میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کر سکیں۔ بھارت ایک عظیم ملک اور حیرت انگیز جمہوریت ہے جو خلائی ممالک میں اپنی جگہ بنانا چاہتا ہے۔ ہم اس کا حصہ بننا چاہیں گے اور بھارت کی مدد کرنا چاہیں گے۔”

نتیجہ
DFRAC کے فیکٹ چیک سے واضح ہے کہ وائرل پوسٹر گمراہ کن ہے، کیونکہ سنیتا ولیمز نے بھارت کے دورے کے بارے میں بات کی ہے نہ کہ منی پور کے دورے کے بارے میں۔