امریکہ میں ڈونالڈ ٹرمپ 20 جنوری کو صدر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ ٹرمپ کی حلف برداری کو لے کر سوشل میڈیا پر مختلف دعوے کیے جا رہے ہیں۔ اب سوشل میڈیا پر آج تک کی خبر کا ایک ایکس اسکرین شاٹ وائرل ہو رہا ہے، جس میں بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی اور ڈونالڈ ٹرمپ کو دکھایا گیا ہے۔ اس اسکرین شاٹ میں لکھا ہے، "بڑی خبر، وائٹ ہاؤس نے مودی کو ان فالو کر دیا۔” یوزرس اس اسکرین شاٹ کو شیئر کر اسے حالیہ بتاتے ہوۓ دعویٰ کر رہے ہیں کہ وائٹ ہاؤس نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ان فالو کر دیا ہے۔
ایک یوزرز نے یہ اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا، "بڑی خبر: وائٹ ہاؤس نے مودی کو ان فالو کر دیا، انویٹیشن تو پہلے ہی نہیں دیا، اب ان فالو بھی کر دیا۔
اس کے علاوہ دیگر یوزرس نے بھی یہ اسکرین شاٹ شیئر کر ایسا ہی دعویٰ کیا۔ جسے یہاں کلک کرکے دیکھا جا سکتا ہے۔
فیکٹ چیک
ڈی_فریک ٹیم نے پڑتال کے لئے متعلقہ کی ورڈس سرچ کیے۔ ہمیں 29 اپریل 2020 کا "آج تک” کا ایک ایکس پوسٹ ملا جس کا عنوان تھا: "وائٹ ہاؤس نے وزیراعظم مودی کو ان فالو کر دیا”۔ اس پوسٹ میں "آج تک” کی خبر بھی منسلک تھی۔ 29 اپریل 2020 کی اس خبر میں بتایا گیا کہ بھارت نے جب کورونا وائرس کے خلاف جنگ کے لیے ہائیڈروکسی کلوروکوئین دینے کا فیصلہ لیا، تو 10 اپریل کو وائٹ ہاؤس کے ٹوئٹر ہینڈل نے کئی بھارتی ہینڈلز کو فالو کیا۔ ان میں وزیراعظم نریندر مودی، وزیراعظم کا دفتر، راشٹرپتی بھون، امریکہ میں بھارتی سفارت خانہ، اور بھارت میں امریکی سفارت خانہ شامل تھے۔ اس کے علاوہ بھارت میں امریکہ کے سفیر کین جسٹر کو بھی فالو کیا گیا۔ جب کے، کچھ دن بعد وائٹ ہاؤس نے ان تمام ٹوئٹر ہینڈلز کو ان فالو کر دیا۔
اس کے علاوہ ہندوستان اخبار کی ویب سائٹ پر 30 اپریل 2020 کو شائع رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وائٹ ہاؤس نے بھارتی ٹوئٹر ہینڈلوں کو ان فالو کرنے کے حوالے سے وضاحت دی ہے۔ وائٹ ہاؤس نے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ اس کا ٹوئٹر ہینڈل عموماً امریکی صدر کے دورے کے دوران میزبان ممالک کے عہدیداروں کے ٹوئٹر اکاؤنٹس کو کچھ وقت کے لیے فالو کرتا ہے تاکہ دورے کی حمایت میں ان کے پیغامات کو ری ٹویٹ کیا جا سکے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ وائٹ ہاؤس کا ٹوئٹر اکاؤنٹ عام طور پر امریکی حکومت کے سینئر عہدیداروں کے ٹوئٹر اکاؤنٹس کو ہی فالو کرتا ہے۔
حال میں، وائٹ ہاؤس کے ٹوئٹر اکاؤنٹ نے امریکی صدر جو بائیڈن، ان کی بیوی جِل بائیڈن، نائب صدر کملا ہیرس، ان کے شوہر ڈگلس ایمہوف، وائٹ ہاؤس کووِڈ-19 رسپانس ٹیم اور وائٹ ہاؤس کا اسپینش اکاؤنٹ "لا کاسا بلانکا” سمیت 6 اکاؤنٹس کو فالو کیا ہوا ہے۔
نتیجہ
ڈی_فریک کے فیکٹ چیک سے واضح ہے کہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے وزیر اعظم مودی اور دیگر بھارتی اکاؤنٹس کو ان فالو کرنے کی خبر کو حالیہ بتا کر گمراہ کن دعویٰ کیا گیا ہے۔ یہ خبر اپریل 2020 کی ہے جب وائٹ ہاؤس نے وزیر اعظم مودی کو ان فالو کیا تھا۔