اقوام متحدہ کے امدادی اداروں نے کہا ہے کہ لبنان میں اسرائیل کی بمباری سے بچنے کے لیے ہزاروں افراد نقل مکانی کر رہے ہیں جہاں شام کے ساتھ سرحد پر ایک اور انسانی بحران جنم لے رہا ہے۔
پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے (یو این ایچ سی آر) کے شام میں نمائندے گونزالو ورگاس لوسا کا کہنا ہے کہ ہزاروں شامی پناہ گزین اور لبنانی خاندان سرحد پار کر کے شام جا رہے ہیں۔ اسرائیل کی فوج نے مشرقی لبنان کی بیکا وادی اور جنوبی لبنان میں 70 سے زیادہ اہداف پر حملوں کا اعلان کیا ہے۔ ان دونوں علاقوں کو لبنانی مسلح گروہ حزب اللہ کے گڑھ سمجھا جاتا ہے۔
Witness the humanitarian crisis unfolding at the Syria-Lebanon border as thousands flee escalating violence.
— UNHCR, the UN Refugee Agency (@Refugees) September 25, 2024
📌 UNHCR’s @llosa_gonzalo explains what’s happening on the ground. pic.twitter.com/jIwrHv3fIH
گزشتہ روز اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے سلامتی کونسل میں خبردار کیا تھا کہ لبنان میں حالات بدترین صورت اختیار کر رہے ہیں جہاں اب اسرائیل اور حزب اللہ کے مابین کشیدگی کی وسعت اور شدت ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔ قبل ازیں امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے آئے عالمی رہنماؤں سے خطاب میں کہا تھا کہ حزب اللہ اور اسرائیل کے مابین مکمل جنگ کا خدشہ موجود ہے۔
اطلاعات کے مطابق اسرائیل کی حکومت نے امریکہ، یورپی ممالک بشمول فرانس اور متعدد عرب ممالک کی جانب سے 21 روزہ جنگ بندی کی تجویز مسترد کر دی ہے۔
پانچ لاکھ افراد کی نقل مکانی
ورگاس لوسا نے بتایا ہے کہ لبنان سے شام کی جانب سرحدی راستوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی ہیں جن پر لوگوں کا مال اسباب لدا دکھائی دیتا ہے۔ ‘یو این ایچ سی آر’ شامی عرب ہلال احمر کے تعاون سے ان لوگوں کو خوراک، پانی، کمبل اور گدے فراہم کر رہا ہے کیونکہ انہیں شام میں داخلے کے لیے سرحد پر طویل انتظار کرنا پڑے گا۔
لبنان کی وزارت داخلہ جانب سے جاری کردہ تازہ ترین معلومات کے مطابق حکومت کے زیرانتظام چلائے جانے والے 533 مراکز میں 70,100 بے گھر لوگوں کا اندارج کیا گیا ہے۔ حزب اللہ اور اسرائیل کے مابین کشیدگی شروع ہونے کے بعد علاقے میں تقریباً پانچ لاکھ لوگ نقل مکانی کر چکے ہیں۔
‘یو این ایچ سی آر’ نے کہا ہے کہ وہ لبنان میں بے گھر ہونے والے لوگوں کو امداد کی فراہمی کے لیے سرکاری حکام اور دیگر امدادی اداروں سے قریبی رابطے میں ہے۔ ادارے کی ٹیمیں ان لوگوں کو پناہ، طبی امداد اور نفسیاتی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
یونیسف کا امدادی کام
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) نے ان حملوں سے متاثرہ آبادی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے پناہ کے سامان اور مالی وسائل فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ فی الوقت ادارہ پناہ گاہوں میں ان لوگوں کو صحت و صفائی کا سامان، کمبل، بستر اور خواتین کو ایام ماہواری میں صحت و صفائی کے لیے درکار اشیا فراہم کر رہا ہے۔
‘یو این ایچ سی آر’ نے لبنان کے حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ 23 ستمبر سے اب تک ملک میں 90 ہزار سے زیادہ لوگ بےگھر ہو چکے ہیں اور نقل مکانی متواتر جاری ہے۔ اس کشیدگی میں اب تک 600 سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں اور 1,835 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔