سوشل میڈیا پر کانگریس کے رہنما راہل گاندھی کی بابت ایک دعویٰ وائرل ہو رہا ہے۔ اس پوسٹ میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ راہل گاندھی نے بیان دیا ہے کہ کانگریس دفعہ-370 کو بحال کرے گی اور جموں و کشمیر کو مکمل ریاست کا درجہ دے گی۔
ایک یوزر نے لکھا،’راہل جی نے آج کشمیر پہنچ کر بیان دیا ہےکہ وہ اگر مرکز میں اقتدار میں آئے تو کشمیر میں دفعہ 370 کو بحال کریں گے، اگر آپ کا ووٹ کانگریس، ایس پی، بی ایس پی، آر جے ڈی، جنتا دل یو، وغیرہ پارٹیوں کو جاتا ہے تو راہل جی یہ کر بھی دیں گے، کیا راہل جی کو آپ بھی ووٹ دیں گے! #bjp4india @AmitShah‘۔
وہیں ایک دیگر یوزر نے لکھا،’ جوڑنے چلے اور توڑنے کی بات کہہ گئے، اقتدار میں آتے ہی 370 کو بحال کریں گے۔ راہل گاندھی‘۔
فیکٹ چیک:
وائرل دعوے کی جانچ_پڑتال کے لیے ہم نے یوٹیوب پر کانگریس کے رہنما راہل گاندھی کی جانب سے کشمیر میں حال میں کیے گئے پریس کانفرنس اور عوامی ریلی کے ویڈیو کو دیکھا۔ ہمیں راہل گاندھی کے آفیشیل چینل پر اپلوڈ ایک ویڈیو ملا۔ اس ویڈیو میں 20 منٹ 42 سکینڈ پر راہل گاندھی کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ کانگریس پارٹی، جموں و کشمیر کو مکمل ریاست کا درجہ دلانے کے لیے کام کرے گی۔
وہیں ہمیں راہل گاندھی کے پریس کانفرنس کا ایک اور ویڈیو ملا۔ اس ویڈیو کو کانگریس کے آفیشل یوٹیوب چینل پر عنوان،’ Article 370 پر کیا بولے؟ کھل کر بولے Rahul Gandhi ، سنیے کیا کہا…| Bharat Jodo Yatra‘ کے تحت اپ لوڈ کیا گیا ہے۔ دفعہ 370 اور کشمیری پنڈتوں کے حوالے سے ایک صحافی کے سوال کے جواب میں راہل گاندھی کہتے ہیں-’اس سوال کا جواب میں نے دو تین بار دے دیا ہے، 370 والے کا… 370 پر ہماری پوزیشن بالکل کلیئر ہے، اس پر کوئی کنفیوژن نہیں ہے۔ آپ ورکنگ کمیٹی کا رِزیولیشن (قرارداد) دیکھ لیجیے‘۔
وہیں ہماری ٹیم نے کانگریس کے ورکنگ کمیٹی کی قرارداد کے بارے میں سرچ کیا۔ ہمیں کانگریس کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر 6 اگست 2019 کا ایک ٹویٹ ملا۔ اس ٹویٹ میں ورکنگ کمیٹی کی قرارداد کے مسودے کو شیئر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ’سی ڈبلیو سی نے یکطرفہ، غیر ذمہ دارانہ اور مکمل طور پر غیر جمہوری طریقے سے آئین کے آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے اور آئین کی دفعات کی غلط تشریح کر کے جموں و کشمیر ریاست کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کی مذمت کی‘۔
اس قرارداد میں کہیں بھی دفعہ 370 کو بحال کرنے کے بارے میں نہیں لکھا گیا ہے۔ تاہم کانگریس نے دفعہ 370 کو ہٹائے جانے کی مذمت کی ہے۔
وہیں کئی دیگر میڈیا رپورٹس میں بھی ہمیں یہ بیان نہیں ملا کہ راہل گاندھی نے مرکز میں اقتدار میں آنے کے بعد دفعہ 370 کو بحال کرنے کا اعلان یا وعدہ کیا ہے۔
نتیجہ:
زیرِ نظر DFRAC کے اس فیکٹ چیک سے واضح ہے کہ وائرل دعویٰ گمراہ کن ہے۔ راہل گاندھی نے دفعہ 370 کو دوبارہ بحال کرنے کے تناظر میں کوئی بیان نہیں دیا ہے۔