بہار میں نتیش کمار ، بی جے پی سے اتحاد توڑ کر آر جے ڈی اور کانگریس کے ’مہا گٹھ بندھن‘ میں شامل ہو گئے ہیں۔ انہوں نے آٹھویں بار بہار کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لے لیا ہے۔ اس سے قبل نتیش کمار نے 2017 میں آر جے ڈی اور کانگریس کا ’مہا گٹھ بندھن‘ توڑ کر بی جے پی کے ساتھ اتحاد کیا تھا اور حکومت بنائی تھی۔
اس دوران نتیش کمار کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ اس ویڈیو کو شیئر کرنے والے یوزرس نتیش کمار کو ہدف تنقید بنا رہے ہیں کہ نتیش نے 2017 میں آر جے ڈی اور کانگریس کا اتحاد توڑتے ہوئے کہا تھا کہ مٹی میں ملا جاؤں گا لیکن آرجے ڈی کے ساتھ نہیں جاؤں گا۔
اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے، پونیت اگروال نامی ایک ویریفائیڈ یوزرنے لکھا ،’رہیں یا مٹی میں مل جائیں، آر جے ڈی کے ساتھ اب کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں مستقبل میں @NitishKumar ‘۔
پونیت کے اکاؤنٹ کی پڑتال کرنے پر ہم نے پایا کہ انہوں نے خود کو بی جے پی دہلی کا آئی ٹی ہیڈ لکھا ہے۔
وہیں اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے، بی جے پی کے رہنما اور سابق رکن پارلیمنٹ ہری مانجھی نے لکھا ،’مٹ جائیں گے مٹی میں مل جائیں گے پر لوٹ کر جانے کا سوال نہیں اٹھتا‘۔ ’پلٹو کمار،کرسی کمار عرف نتیش کمار نے کہا تھا‘۔
قابل ذکر ہے کہ اس ویڈیو کو کئی دیگر یوزرس کی جانب سے بھی شیئر کیا جا رہا ہے۔
فیکٹ چیٹ:
وائرل ہورہے ویڈیو کی حقیقت جاننے کی غرض سے ہم نے سب سے پہلے گوگل پر ’کی ورڈ‘ (مٹی میں مل جائیں گے) کو سرچ کیا۔ اس دوران ہمیں اخبار دینک جاگرن کی ویب سائٹ پر 18 فروری 2014 کو پبلش ایک رپورٹ ملی۔ اس رپورٹ کو عنوان،’ مٹی میں مل جائیں گے پر بی جے پی سے نہیں ملیں گے: نتیش کمار‘ دیا گیا ہے۔
اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے،’نتیش کمار نے اسمبلی میں بی جے پی کے ساتھ دوبارہ اتحاد کی بات کو سرے سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ مٹی میں مل جائیں گے لیکن بی جے پی سے کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ یہ ناممکن ہے، یہ چیپٹر (باب) اب بند ہو چکا ہے‘۔
وہیں اس ویڈیو کی سچائی جاننے کے لیے، ہم نے فروری 2014 میں https://webcast.gov.in پر اسمبلی کی کارروائی کا آرکائیو دیکھا۔ ہمیں 18 فروری 2014 کو بہار ودھان سبھا کی کارروائی کے براہ راست ویب کاسٹ کا لنکhttps://webcast.gov.in/events/MjM-/session/NTc- ملا۔
نتیش کمار کی وائرل ویڈیو کلپ کو اس لائیو ویب کاسٹ کے 01:20 منٹ سے 01:21 منٹ کے دورانیہ میں سنا جا سکتا ہے۔ یہاں آپ نتیش کمار کو بی جے پی کے ساتھ اتحاد توڑنے اور اس کے ساتھ دوبارہ اتحاد نہ کرنے کی بات کرتے ہوئے سن سکتے ہیں۔
نتیجہ:
ہمارے فیکٹ چیک سے یہ حقیقت سامنے آ رہی ہے کہ نتیش کمار کے بارے میں جو دعویٰ کیا جا رہا ہے وہ گمراہ کن ہے۔ نتیش کمار نے مٹی میں مل جانے والا بیان آر جے ڈی-کانگریس پر نہیں بلکہ بی جے پی سے اتحاد توڑنے کے بعد بہار اسمبلی میں دیا تھا۔
دعویٰ: نتیش کمار نے کہا تھا کہ مٹی میں مل جاوں گا لیکن آر جے ڈی کے ساتھ نہیں جاؤں گا
دعویٰ کنندگان: سوشل میڈیا یوزرس
فیکٹ چیک: گمراہ کن