بہار کا سیاسی ماحول گرم ہے۔جنتا دل یونائیٹیڈ ( جے ڈی یو) کے سربراہ نتیش کمار نے بی جے پی سے ناطہ توڑ کر آر جے ڈی (راشٹریہ جنتا دل) و دیگر پارٹیوں سے اتحاد کر کے آٹھویں بار وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لے لیا ہے۔چاروں طرف نتیش کمار فی الحال موضوع سخن ہیں۔ ان کے حوالے سے کئی گمراہ کن دعوے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے لگے ہیں۔
نتیش کمار کے بارے میں سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ انہوں نے گجرات میں پولیس انکاؤنٹر میں ماری گئی مبینہ دہشت گرد عشرت جہاں کو اپنی بیٹی قرار دیا تھا۔ جناردن مشرا نے ٹویٹ کیا،’ جب نتیش کمار نے دہشت گرد عشرت جہاں کو اپنی بیٹی کہا تھا، تبھی بی جے پی کو سمجھ جانا چاہیے تھا کہ یہ بہت بڑا والا دوغلا سیکولر ہے‘۔
جناردن مشرا نے اپنے پوسٹ کے ساتھ ایک گرافیکل پوسٹر بھی شیئر کیا ہے، جس میں نتیش کمار کے بارے میں طرح طرح کے دعوے کیے گئے ہیں۔ دوسری طرف جناردن مشرا کی پروفائل چیک کرنے پر پتہ چلا کہ انہوں نے پروفائل فوٹو میں پی ایم نریندر مودی کی تصویر لگا رکھی ہے اور ان کے 183 ہزار فالوور ہیں۔
فیکٹ چیک:
وائرل دعوے کی جانچ-پڑتال کے لیے، ہم نے گوگل پر کچھ’کی ورڈس‘ سرچ کیا۔ ہمیں نوبھارت ٹائمس کی ایک رپورٹ ملی جو 15 فروری 2016 کو شائع کی گئی تھی۔ اس رپورٹ میں نتیش کمار نے کبھی بھی عشرت جہاں کو بہار کی بیٹی قرار دینے کی تردید کی ہے ۔
نتیش کمار نے کہا ،’ میں یہ جاننے کے لیے کلیپِنگس اور ریکارڈس کو کھنگال رہا ہوں کہ کیا میں نے کبھی عشرت جہاں کو بہار کی بیٹی بتایا ہے۔ اس بارے میں ضروری کام کرنے کے بعد میں ان اخبارات اور چینلوں کے خلاف قانونی کاروائی کروں گا جو میرے منھ میں اپنی بات رکھ کرکہلوا رہے ہیں۔ ہم ان کے خلاف ضروری زمینی تیاری کر کے قانونی کاروائی کریں گے‘۔
نتیجہ:
وائرل دعوے کا فیکٹ چیک کرنے کے بعد یہ حقیقت سامنے آ ئی کہ سوشل میڈیا یوزرس کی جانب سے کیا جا رہا دعویٰ غلط ہے۔ نتیش کمار نے کبھی عشرت جہاں کو اپنی بیٹی نہیں کہا۔
دعویٰ: نتیش کمار نے عشرت جہاں کو اپنی بیٹی بتایا
دعویٰ کنندگان: جناردن مشرا و سوشل میڈیا یوزرس
فیکٹ چیک : فیک