بھارت میں بالعموم لوگوں کو یہ بات ذہن نشیں ہے کہ دہلی کی جامع مسجد، ہندوستان کی سب سے بڑی مسجد ہے۔ لال قلعہ سے محض 500 میٹر کے فاصلے پر واقع جامع مسجد کی تعمیر شاہ جہاں نے سنہ 1650 میں سرخ پتھروں اور سنگ مرمر سے شروع کی تھی۔ اس دور میں اس کی تعمیر میں 6 سال کا وقت اور 10 لاکھ روپے کا خرچ لگا تھا۔
قومی دارالحکومت دہلی کے DTCبس اسٹاپ پر آپ کو ایسے ہورڈنگ نظر آ جائیں گے، جن میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ دہلی کی جامع مسجد ہندوستان کی سب سے بڑی مسجد ہے۔
درگاہ حضرت نظام الدینؒ بس اسٹاپ پر قطب مینار، اکشر دھام، پارلیمنٹ اور جامع مسجد سمیت دیگر کی خوبصورت تصویروں کے ساتھ ہورڈنگ لگا ہے۔ اس ہورڈنگ میں لکھا گیاہے،’ Do you know? Jama Masjid is the largest mosque in India. ‘ (کیا آپ جانتے ہیں؟ جامع مسجد ہندوستان کی سب سے بڑی مسجد ہے۔)
فوٹو ویب سائٹ alamy کے مطابق لکشمی نگر بس اسٹاپ پر جامع مسجد کو ہندوستان کی سب سے بڑی مسجد کے طور پر بیان کرنے والے ہورڈنگ لگے ہوئےہیں۔
وہیں، دہلی کے محکمہ سیاحت کی ویب سائٹ پر بھی یہی دعویٰ کیا گیا ہے کہ دہلی کی جامع مسجد ہندوستان کی سب سے بڑی مسجد ہے۔
فیکٹ چیک:
دہلی کی جامع مسجد کے بارے میں یہ جاننے کے لیے، ہم نے کچھ خاص ’کی ورڈ‘ کی مدد سے سرچ کیا کہ کیا یہ ہندوستان کی سب سے بڑی مسجد ہے؟ ہمیں اس حوالے سے فیس بک پر مورخ سہیل ہاشمی کا ایک پوسٹ ملا ۔ انہوں نے انگریزی میں لکھا ہے، ’عزیز دہلی حکومت! جامع مسجد ہندوستان کی سب سے بڑی مسجد نہیں ہے۔ بھوپال کی تاج المساجد 33 فیصد بڑی ہے‘۔
سہیل ہاشمی کی فیس بک پوسٹ کے بعد پنجاب کیسری، زی سلام، نو بھارت ٹائمس اور پربھات خبر سمیت دیگر میڈیا ہاؤسز نے اس پر رپورٹس، شائع کی ہیں۔
پنجاب کیسری نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں تاج المساجد کو بھوپال کی تیسری خاتون حکمراں شاہجہاں بیگم نے 1868-1901 کے درمیان تعمیر کروایا تھا۔ تاج المساجد کا مطلب ہے، مسجدوں کا تاج ۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ تاج المساجد کے دارالعلوم کے پروفیسر حسن خان بھی ہاشمی سے متفق ہیں۔ خان نے کہا، ’تاج المساجد دراصل ہندوستان کی سب سے بڑی مسجد ہے جو جامع مسجد سے ایک تہائی گنا بڑی ہے۔ درحقیقت میری ذاتی رائے میں یہ ’کوَر- ایریا‘ کے لحاظ سے دنیا کی سب سے بڑی مسجد ہے۔ حالانکہ کھلے اور کور علاقہ دونوں کو ملا کر دیکھیں تو اورنگزیب کی تعمیرکردہ لاہور کی بادشاہی مسجد سب سے بڑی ہے‘۔
پنجاب کیسری کے مطابق مصدقہ کوئی طول و عرض بہ آسانی دستیاب نہیں ہے لیکن ’کلچر ٹرپ‘ اور ہیلو ٹریول‘ جیسی کئی ویب سائٹس دعویٰ کرتی ہیں کہ تاج المساجد میں1,75,000 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، جبکہ ’برٹانیکا ڈاٹ کام‘ کے مطابق جامع مسجد کے صحن میں 25,000 افراد بیٹھ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ گوگل پر جامع مسجد ،دہلی سرچ کرنے پر یہ بات سامنے آتی ہے کہ جامع مسجد ہندوستان کی عظیم اور بڑی مساجد میں سے ایک ہے۔
نتیجہ:
DFRACکے اس فیکٹ چیک سے واضح ہے کہ دہلی کے بس اسٹاپ پر لگے ہورڈنگ اور دہلی کے محکمہ سیاحت کی ویب سائٹ کا یہ دعویٰ کہ دہلی کی جامع مسجد ہندوستان کی سب سے بڑی مسجد ہے، گمراہ کن ہے کیونکہ حقیقت میں ہندوستان کی سب سے بڑی مسجد بھوپال کی تاج المساجد ہے۔
دعویٰ: دہلی کی جامع مسجد ہے ہندوستان کی سب سے بڑی مسجد
دعویٰ کنندگان: دہلی کا محکمہ سیاحت، بس اسٹاپ پر لگےہورڈنگ اور دیگر
فیکٹ چیک: گمراہ کن