اقوام متحدہ کے تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی ادارے (یونیسکو) نے یوکرین میں ایک لاکھ 60 ہزار سے زیادہ بچوں کو ذہنی صحت سے متعلق مدد مہیا کی ہے جن کی بہبود اور مستقبل کو جنگ سے سنگین خطرات لاحق ہیں۔
ادارے نے حالیہ موسم گرما میں ان بچوں کے لیے تفریحی کیمپوں کا انعقاد کیا ہے اور ان میں باہم مل کر کام کرنے کی صلاحیتوں اور ذہنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے بورڈ پر کھیلی جانے والی کھیلوں کی سہولتیں فراہم کی ہیں۔
یہ کیمپ یونیسکو اور اس کے شراکت داروں کی ایک وسیع تر کوشش کا حصہ ہیں جس کا مقصد ملک میں جاری جنگ کے دوران ان بچوں کی تعلیمی و نفسیاتی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔
جسمانی، جذباتی اور سماجی ترقی
یوکرین میں بچوں کے لیے سمر کیمپ میں گزارا گیا وقت ان کے بچپن کی اہم ترین یادوں کا حصہ ہوتا ہے۔ سکولوں میں تفریحی چھٹیوں کے دوران کئی ہفتے کیمپ میں رہتے ہوئے انہیں کئی طرح کی انوکھی مہمات میں نئے دوست بنانے، کھیل کود میں حصہ لینے، نئے مشاغل اپنانے اور ساتھیوں کے ساتھ فطرت سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملتا ہے۔
تاہم اس مرتبہ یہ بچے اپنا تفریحی وقت جنگی حالات میں گزار رہے ہیں اور انہیں شدید ذہنی دباؤ کا سامنا ہے جس کی وجہ سے انہیں تفریح سے کچھ بڑھ کر درکار ہے۔
اسی ضرورت کے پیش نظر یونیسکو نے ملک میں بچوں کو نفسیاتی مدد مہیا کرنے کے لیے تقریباً 400 کیمپوں ک انعقاد کیا ہے۔ یہ کیمپ ان کی سماجی، جذباتی، جسمانی اور ادراکی ترقی میں مددگار ہیں۔ ان کیمپوں کے ذریعے بچوں کو مشکل حالات سے نبردآزما ہونے کی تربیت، جذباتی آگاہی اور برادری کا احساس مہیا کر کے ناصرف انہیں جنگ سے لگنے والے ذہنی و جذباتی گھاؤ مندمل کیے جا رہے ہیں بلکہ ترقی میں بھی مدد دی جا رہی ہے۔
امید کی کرن
ان کیمپوں میں شرکت کرنے والے بہت سے بچوں نے جنگ میں اپنے والدین کو کھو دیا ہے، ان کے رشتہ دار محاذ جنگ پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور کئی بچے ایسے ہیں جن کے والدین یا عزیز لاپتہ ہو گئے ہیں۔بہت سے بچوں کے گھر اور دوست نہیں رہے، انہیں طویل دورانیوں تک بجلی میسر نہیں ہوتی اور فضائی حملے کے خوف سے وہ راتیں جاگ کر گزارتے ہیں۔
یونیسکو کے منعقدہ کیمپ ان کے لیے تربیت یافتہ ماہرین نفسیات کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع لائے ہیں جن میں شرکت سے ان کے ذہنی دباؤ میں کمی آتی ہے اور وہ خود کو نئے حالات کے مطابق ڈھالنا سیکھتے ہیں۔
سکول میں نیا تعلیمی سال شروع ہونے پر بھی یوکرین کے بچوں کے لیے مسائل برقرار رہیں گے۔ تاہم موسم گرما کی حالیہ چھٹیوں میں ذہنی صحت کے حوالے سے دی جانے والی مدد ان کے لیے امید کی کرن ہے۔