حال ہی میں نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ شہید کوتوال دھن سنگھ گجر کے مجسمے کی نقاب کشائی کرنے میرٹھ کے شہید کوتوال دھن سنگھ گجر پولیس ٹریننگ اسکول پہنچے تھے۔
اس موقع پر انہوں نے جدوجہدِ آزادی میں اپنی جانوں کی قربانی پیش کرنے والوں کے بارے میں گفتگتو کی۔ انہوں نے کہا کہ مظفر نگر کی رہنے والی اور محروم سماج کی مہاویری دیوی نے اپنی 22 خواتین ساتھیوں کے ساتھ میرٹھ انقلاب سے دو دن پہلے انگریزوں پر حملہ کیا تھا۔ بعد میں تمام 22 خواتین کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہم عہد وسطیٰ کی بات کریں تو رام پیاری گجر نے میرٹھ-ہریدوار کے علاقے میں 40 ہزار سپاہیوں پر مشتمل فوج جمع کی تھی اور تیمور کو کھدیڑ دیا تھا۔
فیکٹ چیک:
نائب صدر کے اس دعوے پر کئی افراد نے سوال اٹھایا کہ رام پیاری گجر نے 40 ہزار سپاہیوں کی فوج یکجا کرکے تیمور کو کھدیڑ دیا تھا۔ ایسے میں DFRAC نے اس بارے میں تاریخی ذرائع سے حقائق جمع کیا۔
ٹیم نے سب سے پہلے انسائیکلوپیڈیا برٹانیکا پر دستیاب تیمور کی سوانح عمری کو دیکھا، جس میں بتایا گیا تھا کہ 1398 میں تیمور نے اس بہانے ہندوستان پر حملہ کیا کہ دہلی کا مسلم سلطان اپنی ہندو رعایا کے ساتھ حد سے زیادہ رواداری کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ اس نے 24 ستمبر کو دریائے سندھ کو عبور کیا اور قتل و غارت کا نشان چھوڑتے ہوئے دہلی کی طرف کوچ کیا۔ 17 دسمبر کو دہلی کے سلطان محمود تغلق کی فوج پانی پت میں تباہ ہو گئی اور دہلی کھنڈرات کے ڈھیر میں سمٹ کر رہ گئی، جس سے ابھرنے میں اسے ایک صدی سے زیادہ کا عرصہ لگا۔ تیمور اپریل 1399 تک اپنی راجدھانی واپس آ گیا تھا۔ ہمیں پوری سوانح حیات میں کہیں بھی رام پیاری گجر کا ذکر نہیں ملتا۔
علاوہ ازیں ہمیں یونیسکو کی ویب سائٹ پر کے زیڈ اشرفیان کی کتاب’Central Asia under Timur from 1370 to the early fifteenth century‘ (سینٹرل ایشیا تیمور کے زیرِ سلطنت، 1370 سے پندرہویں صدی کے آغاز تک) ملی۔ اس کتاب میں بھی تیمور کے ہندوستان پر حملے کو بھی تفصیل سے بیان کیا گیا ہے، لیکن ہمیں رام پیاری گجر سے متعلق کوئی معلومات نہیں ملی۔
اس کے برعکس، ہمیں notesonindianhistory.com نامی ویب سائٹ پر ایک آرٹیکل ملا، جس میں رام پیاری گجر کو تیمور کو شکست دینے والی ایک خیالی خاتون جنگجو کے طور پر بیان کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی اس پوری کہانی کو من گھڑت قرار دیا گیا ہے۔
نتیجہ:
زیرِنظر DFRAC کے فیکٹ چیک سے واضح ہے کہ نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ کا رام پیاری گجر کا تیمور کو چالیس ہزار سپاہیوں کے ساتھ شکست دینے کا دعویٰ فیک ہے۔