سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔ جس میں ایک شخص بھارت ماتا کی جئے کے نعرے لگا رہا ہے۔ جبکہ اسی ویڈیو میں ایک شخص کو کچھ لوگ اٹھا کر باہر لے جاتے دیکھے جا سکتے ہیں۔ یوزرس ویڈیو شیئر کر دعویٰ کر رہے ہیں کہ جموں و کشمیر اسمبلی میں بھارت ماتا کی جئے کا نعرہ لگانے پر بی جے پی کے ممبران اسمبلی کو باہر نکال دیا گیا۔
اس کے علاوہ دیگر یوزر نے بھی ویڈیو شیئر کر ایسے ہی دعوے کیے ، جسے یہاں کلک کرکے دیکھا جاسکتا ہے۔
فیکٹ چیک
ڈی فریک ٹیم نے وائرل دعوے کی پڑتال کے لیے متعلقہ کی ورڈ سرچ کیے۔ ہمیں اے این آئی نیوز کے یوٹیوب چینل پر 08 نومبر 2024 کا ایک ویڈیو ملا، جس میں بتایا گیا ہے کہ جموں و کشمیر اسمبلی ‘اکھاڑہ’ میں تبدیل ہو گئی اور مارشلوں نے ویل میں گھسنے والے بی جے پی ممبران اسمبلی اسپیکر کے ڈائریکشن پر باہر نکال دیا۔
اس ویڈیو کی تفصیل میں بتایا گیا ہے کہ جموں و کشمیر اسمبلی میں 8 نومبر کو آرٹیکل 370 کو ہٹانے کے معاملے پر ہنگامہ جاری رہا۔ کپواڑہ سے پی ڈی پی ایم ایل اے کی جانب سے آرٹیکل 370 کی بحالی کا بینر دکھانے کے بعد ایوان میں ہنگامہ برپا ہوگیا، جس کے بعد بی جے پی ایم ایل ایز نے جموں و کشمیر اسمبلی میں ‘بھارت ماتا کی جئے’ کے نعرے لگائے۔ جموں و کشمیر اسمبلی کے اسپیکر عبدالرحیم راتھر کے حکم پر، جموں و کشمیر اسمبلی اجلاس کے 5ویں دن 8 نومبر کو ایوان کے ویل میں داخل ہونے والے بی جے پی ایم ایل ایز کو مارشلوں نے باہر نکال دیا۔
اس کے علاوہ این ڈی ٹی وی انڈیا کی 8 نومبر 2024 کی ایک ویڈیو رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جموں و کشمیر اسمبلی ہاؤس مسلسل تیسرے دن بھی ہنگامہ آرائی سے بھرا رہا۔ سیشن شروع ہوتے ہی دفعہ 370 پر زبردست ہنگامہ ہوا۔ بارہمولہ لوک سبھا سیٹ سے ایم پی انجینئر رشید کے بھائی خورشید احمد شیخ کو مارشلوں نے اسمبلی سے باہر نکال دیا۔ ایوان میں بی جے پی دفعہ 370 کے خلاف لائی گئی قرارداد کی مسلسل مخالفت کر رہی ہے۔
اس کے علاوہ بی بی سی ہندی اور انڈیا ٹوڈے کی رپورٹس میں بھی بتایا گیا ہے کہ آرٹیکل 370 پر ہنگامہ آرائی کے بعد بی جے پی ممبران اسمبلی کو مارشل کے ذریعے ایوان سے باہر نکال دیا گیا۔
نتیجہ
ڈی فریک کے فیکٹ چیک سے واضح ہے کہ بی جے پی ممبران اسمبلی کو جموں و کشمیر اسمبلی سے بھارت ماتا کی جئے کا نعرہ لگانے پر نہیں نکالا گیا تھا بلکہ اسمبلی اجلاس کے دوران آرٹیکل 370 پر ہنگامہ آرائی کے بعد اسپیکر کے حکم پر مارشلوں نے انہیں باہرنکال دیا تھا۔ لہذا یوزرس کا دعویٰ گمراہ کن ہے۔