مشرق وسطیٰ میں امن عمل کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی رابطہ کار ٹور وینزلینڈ نے شمالی غزہ میں عام شہریوں پر جاری اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے فریقین سے جنگ بندی کے لیے فوری مزاکرات شروع کرنے کی درخواست کی ہے۔
اتوار کو یروشلم سے جاری کیے گئے ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ غزہ کی ڈروانی صورتحال شدت اختیار کرتی جا رہی ہے اور علاقے پر مسلسل جاری اسرائیلی حملوں اور بمباری کے خوفناک مناظر سامنے آ رہے ہیں، جس سے وہاں انسانی بحران بد سے بدتر ہوتا جا رہا ہے۔
🔹Over 181,000 children were vaccinated in #Gaza middle area during the 2nd round of the #polio vaccination campaign
— UNRWA (@UNRWA) October 20, 2024
🔹Thousands of people are stranded in northern Gaza with water and food running low
🔹@UNRWA facilities continue to be impacted by Israeli military operations
انہوں نے بتایا کہ اطلاعات کے مطابق بیت لاہیا میں گزشتہ رات اسرائیلی فضائی حملوں میں درجنوں افراد ہلاک ہوئے ہیں اور یہ علاقے میں کئی ہفتوں سے جاری اسرائیلی کارروائیوں میں ہونے والی ہلاکتوں کا تسلسل ہے۔ انہوں نے شمالی غزہ میں امدادی سامان کے تیزی سے کم ہوتے ہوئے ذخائر پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
غزہ میں کوئی جگہ محفوظ نہیں
ٹور وینزلینڈ کا کہنا ہے کہ غزہ میں کوئی بھی جگہ محفوظ نہیں اور شہریوں کو ہر طرف حملوں اور مسائل کا سامنا ہے۔ اس صورتحال میں جنگ کے فوری خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے افراد کو آزاد کرنے، فلسطینیوں کو نقل مکانی پر مجبور کرنے کا سلسلہ بند کرنے اور انسانی امداد کی بلا روک ٹوک ترسیل کا مطالبہ کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ انسانی مصائب کے خاتمہ اور جنگ بندی کے لیے سیاسی ہمت و عزم کی ضرورت ہے۔
جنگ میں انسداد پولیو مہم
فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے ’انرا‘ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق غزہ میں پولیو کی روک تھام کی مہم کے دوسرے مرحلے میں اب تک 181,000 بچوں کو ویکسین کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔ ادارے کا کہنا ہے وہ بچوں کو ویکسین کی مدد سے بچانے کی کوششیں کر رہا ہے لیکن جنگ بندی نہ ہونے کی وجہ سے ان کی اموات میں ہر روز اضافہ ہو رہا ہے۔
انرا کے مطابق غزہ میں ایک سال سے جاری جنگ میں اب تک کم از کم 42,344 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور کئی ملبے میں دبے پڑے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں انرا کے 231 اہلکار بھی شامل ہیں۔
ادارے نے شمالی غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہزاروں عام شہریوں کو بڑھتے تشدد اور پانی سمیت اشیائے ضروریہ کی شدید کمی کا سامنا ہے۔ انرا نے بھی غزہ میں انسانی بنیادوں پر فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے