بنگلورو کے مہالکشمی قتل کیس سے متعلق ایک دعویٰ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ یوزرس اس قتل کیس میں اشرف نامی شخص کو پرائم ملزم بتا رہے ہیں۔
پنچجنیا نامی یوزر نے لکھا، “اشرف نے مہالکشمی کے 30 ٹکڑے کر دیے۔ بنگلورو قتل کیس کی ہولناک حقیقت سامنے آگئی۔ مہالکشمی کا اپنے شوہر کے ساتھ مسلسل جھگڑا رہتا تھا جس کا فائدہ محمد اشرف نے اٹھایا۔ بنگلورو کے ایک فلیٹ میں 29 سالہ مہالکشمی کے بہیمانہ قتل سے سبھی کو صدمہ لگا ہے۔ مہالکشمی کی لاش 30 ٹکڑوں میں ملی، جو انسانیت کو لرزانے والا جرم ہے۔ مہالکشمی پچھلے کچھ مہینوں سے اپنے شوہر ہیمنت داس سے الگ رہ رہی تھی اور اشرف نامی نوجوان کے ساتھ تعلق میں تھی۔ اشرف اتراکھنڈ کا رہنے والا ہے اور بنگلورو کے نیلمنگلا علاقے میں حجام کی دکان پر کام کرتا تھا۔ مہالکشمی کے شوہر ہیمنت داس نے بتایا کہ اس نے مہالکشمی کو آخری بار ایک ماہ قبل دیکھا تھا، جب وہ اپنی بیٹی سے ملنے دکان پر آئی تھیں۔
اس کے علاوہ دیگر يوزرس نے بھی ایسے ہی دعوے کیے ہیں، جنہیں یہاں،
یہاں اور یہاں کلک کرکے دیکھا جاسکتا ہے۔
فیکٹ چیک
ڈی فریک ٹیم نے وائرل دعوے کی پڑتال کے لیے متعلقہ کی ورڈ سرچ کئے۔ ہمیں اس سے متعلق کئی میڈیا رپورٹس ملیں۔ 26 ستمبر 2024 کو شائع ’آج تک‘ کی رپورٹ میں پولیس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مہالکشمی قتل کیس کے مرکزی ملزم مکتی رنجن رائے (31) نے اڈیشہ کے بھدرک ضلع کے دھوسوری میں خودکشی کر لی ہے۔ اس کی لاش درخت سے لٹکی ہوئی ملی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مکتی رنجن نے خودکشی نوٹ بھی لکھا ہے۔ جس میں اس نے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔
اسی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مکتی رنجن نے اپنے چھوٹے بھائی کے سامنے مہالکشمی کے قتل کا اعتراف کیا تھا۔ مہالکشمی اور مکتی رنجن ایک ہی جگہ پر کام کرتے تھے۔ پولیس نے اس وحشیانہ قتل کے سلسلے میں مہالکشمی کے شوہر ہیمنت داس اور اشرف سے بھی پوچھ تاچھ کی تھی۔ مہالکشمی کچھ عرصے سے اپنے شوہر سے الگ رہ رہی تھی۔
اس کے علاوہ 25 ستمبر 2024 کو شائع اے بی پی نیوز کی رپورٹ میں بھی بتایا گیا ہے کہ ملزم نے اپنے بھائی کے سامنے قتل کا اعتراف کیا ہے۔ جبکہ اسی رپورٹ میں پولیس ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ہیئر ڈریسر اشرف کا مہالکشمی کے قتل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
اس کے علاوہ 26 ستمبر 2024 کو شائع دینک بھاسکر کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بنگلورو مہالکشمی قتل کیس کے مرکزی ملزم مکتی رنجن رائے نے اوڈیشہ کے بھدرک ضلع کے ایک گاؤں میں درخت سے لٹک کر خودکشی کر لی۔ 20 ستمبر کو 29 سالہ مہالکشمی کی لاش بنگلورو کے ویالیکاول علاقے میں بساپا گارڈن کے قریب ایک تین منزلہ مکان سے ملی تھی۔ اس کی لاش کے 59 ٹکڑوں میں کاٹ کر فریج میں رکھا گیا۔
نتیجہ
ڈی فریک کے فیکٹ چیک سے یہ واضح ہے کہ یوزرس نے اس قتل کیس میں ملزم کے بارے میں گمراہ کن دعوے کیے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس قتل کیس کے مرکزی ملزم مکتی رنجن رائے نے خودکشی نوٹ میں مہالکشمی کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔ اس کے علاوہ میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مکتی رنجن نے اپنے بھائی کو مہالکشمی کے قتل کے بارے میں بھی بتایا تھا۔