وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمنٹ سے خطاب کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہے۔ اس ویڈیو کو شیئر کرنے والے یوزرس کا دعویٰ ہے کہ ہندوستانی وزیراعظم مودی نے مغربی سرزمین پر سکھوں کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کو تسلیم کر لیا ہے۔
وائرل ویڈیو میں پی ایم مودی کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، "آج 2014 کے بعد کا ہندوستان گھر میں گھس کر مارتا ہے۔ سرجیکل اسٹرائیک کرتا ہے ، ایئر اسٹرائیک کرتا ہے اور ہندوستان نے دہشت گردی کے آقاؤں کو سبق سکھانے کی صلاحیت بھی دکھائی ہے ۔ آج، محترم چیئرمین، ملک کا ہر شہری جانتا ہے کہ ہندوستان اپنی سلامتی کے لیے کچھ بھی کرسکتا ہے۔‘‘
فیکٹ چیک
ڈی فریک ٹیم نے وائرل دعوے کی تحقیقات کے لیے پارلیمنٹ میں کئے گئے پی ایم مودی کے خطاب کو پورا سنا۔ پی ایم مودی کے آفیشل یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کی گئی ویڈیو میں پی ایم مودی کا وائرل حصہ 40:03 منٹ سے 41:40 منٹ کے دورانیہ میں سنا جاسکتا ہے۔ جس میں پی ایم مودی کہتے ہیں، "محترم چیئرمین، 2014 سے پہلے ایک وقت تھا جب دہشت گرد ملک میں آکر جہاں چاہے، جب چاہے حملہ کر سکتے تھے۔ جب 2014 سے پہلے یہاں بے گناہ لوگ مارے جاتے تھے ۔ ہندوستان کے ہر کونے کو نشانہ بنایا جاتا تھا اور حکومتیں خاموش رہتی تھیں ۔
اس کے بعد پی ایم مودی کہتے ہیں، ’’آج 2014 کے بعد ہندوستان گھر میں گھس کر مارتا ہے۔ سرجیکل اسٹرائیکس کرتا ہے ، ایئر اسٹرائیک کرتا ہے اور ہندوستان نے دہشت گردی کے آقاؤں کو سبق سکھانے کی صلاحیت بھی دکھائی ہے ۔ آج، محترم چیئرمین، ملک کا ہر شہری جانتا ہے کہ ہندوستان اپنی سلامتی کے لیے کچھ بھی کرسکتا ہے۔‘‘
نتیجہ
ڈی فریک کے فیکٹ چیک سے یہ واضح ہے کہ پی ایم مودی اپنے خطاب میں ہندوستان میں دہشت گردی کے واقعات کو انجام دینے والے دہشت گردوں اور ان کے آقاؤں کو سبق سکھانے اور دہشت گردوں کو ان کے گھروں میں گھس کر مارنے کی بات کر رہے تھے – جسے سوشل میڈیا یوزرس نے سکھوں کے قتل سے جوڑ کر گمراہ کن دعوے کے ساتھ شیئر کیا ہے۔