گجرات اسمبلی انتخابات کی سرگرمیاں زور پکڑنے لگی ہیں۔ تمام سیاسی پارٹیوں نے اپنی تیاریاں، شدو مد سے شروع کر دی ہیں۔ عام آدمی پارٹی (AAP) بھی انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ اس درمیان سوشل میڈیا پر عام آدمی پارٹی کے بارے میں ایک پوسٹ تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جسے شیئر کرنے والے یوزرس دعویٰ کر رہے ہیں کہ عام آدمی پارٹی نے سماجی کارکن میدھا پاٹکر کو گجرات میں وزیراعلیٰ امیدوار اعلان کیا ہے۔
بی جے پی کے رہنما کپل مشرا نے ٹویٹ کیا-’میدھا پاٹکر ہوں گی اے اے پی کی گجرات CM کینڈیڈیٹ۔ ہاں! وہی پانی روکنے والی، باندھ کے خلاف سازش رچنے والی، گجرات کو بدنام کرنے والی، تحریک کے نام پر دکان چلانے والی میدھا پاٹکر۔ کیجریوال جی! الیکشن لڑنا چاہتے ہو یا بس گجرات کو بدنام کرنے کا پلان ہے؟‘
انکِت جین نامی ایک ویریفائیڈ یوزر نے لکھا،’I have confirmed report that Medha patkar is CM candidate of Aam Aadmi party for Gujarat. She has also asked her team to prepare report on how to curtain Sardar Sarovar dam project‘ جس کا اردو ترجمہ بایں طور ہے،’ میں نے رپورٹ کی تصدیق کی ہے کہ میدھا پاٹکر گجرات کے لیے عام آدمی پارٹی کی سی ایم امیدوار ہیں۔ انہوں نے اپنی ٹیم سے کہا ہے کہ وہ سردار سروور باندھ پروجیکٹ پر پردہ ڈالنے کے طریقے پر رپورٹ تیار کرے‘۔
وہیں کئی دیگر یوزرس، یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ میدھا پاٹکر کو سی ایم امیدوار بنانے کے بعد عام آدمی پارٹی کے اعلان کردہ اسمبلی امیدواروں میں سے 13 امیدواروں نے الیکشن لڑنے سے انکار کر دیا ہے۔ منیش کپاڑیہ نامی یوزر نے لکھا،’گجرات عام آدمی پارٹی میں ’میدھا پاٹکر‘کو وزیراعلیٰ کا چہرہ بنانے پر ان کی جانب سے اعلان کردہ امیدواروں میں سے ’13 افراد نے الیکشن لڑنے سے انکار کر دیا ہے‘۔ انھیں منانے کے لیے ’@ArvindKejriwal‘ کل گجرات آ رہے ہیں‘ کانگریس سے آئے ہوئے ’اندرنیل راجیہ گرو‘ باغیوں کی نمائندگی کریں گے‘۔
کئی دیگر یوزرس نے بھی میدھا پاٹکر کو عام آدمی پارٹی کی طرف سے وزیر اعلیٰ امیدوار بنائے جانے کے حوالے سے پوسٹ کو شیئر کیا ہے۔
فیکٹ چیک:
وائرل دعوے کی سچائی کی تصدیق کے لیے، ہم نے گوگل پر چند کی-ورڈ سرچ کیا۔ ہمیں firstpost.com کی ایک رپورٹ ملی، جس میں بی جے پی کے رکن اسمبلی سریش نکھوا کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ میدھا پاٹکر عام آدمی پارٹی کی سی ایم امیدوار ہوسکتی ہیں۔
علاوہ ازیں ہم نے میدھا پاٹکر کے بارے میں کچھ کی-ورڈ مزید سرچ کیا۔ لیکن ہمیں کسی میڈیا ہاؤس کی جانب سے پبلش کوئی خبر نہیں ملی۔ بعد ازاں ہم نے عام آدمی پارٹی کے آفیشیل سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی جانچ-پڑتال کی۔ یہاں بھی میدھا پاٹکر کو سی ایم امیدوار بنائے جانے کے سلسلے میں کوئی پوسٹ نظر نہیں آئی۔
بعد ازاں ہم نے میدھا پاٹکر کے بارے میں سرچ کیا۔ میدھا پاٹکر نے 2014 میں ممبئی شمال مشرقی لوک سبھا سیٹ سے عام آدمی پارٹی کے ٹکٹ پر انتخاب لڑا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے 2015 میں عام آدمی پارٹی سے استعفیٰ دے دیا۔
ہم نے اس تناظر میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے رہنماؤں سے رابطہ کیا۔ اے اے پی کے رہنماؤں نے اس بابت کوئی معلومات ہونے سے انکار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے پارٹی ہائی کمان ہی فیصلہ کر سکتی ہے۔
نتیجہ:
ہمارے فیکٹ چیک سے یہ واضح ہے کہ عام آدمی پارٹی نے ابھی تک میدھا پاٹکر کو گجرات میں وزیر اعلیٰ کا امیدوار اعلان نہیں کیا ہے، لہٰذا سوشل میڈیا یوزرس کی جانب سے کیا جا رہا دعویٰ گمراہ کن ہے۔
دعویٰ: عام آدمی پارٹی نے میدھا پاٹکر کو وزیراعلیٰ کا امیدوار اعلان کیا
دعویٰ کنندگان: سوشل میڈیا یوزرس
فیکٹ چیک: گمراہ کن