بہار میں وزیراعلیٰ نتیش کمار کے بی جے پی سے اتحاد توڑ کر آر جے ڈی-کانگریس کے ساتھ حکومت بنانے کے بعد سوشل میڈیا ، بہار اور مہاگٹھ بندھن کے رہنماؤں کے خلاف فرضی اور گمراہ کن خبروں سے بھر گیا ہے۔ سوشل میڈیا یوزرس آئے دن فرضی اور گمراہ کن پوسٹ کرتے رہتے ہیں۔
اسی سلسلے کی کڑی میں بہار کے جنگلات اور ماحولیات کے وزیر تیج پرتاپ یادو کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ اس تصویر میں تیج پرتاپ یادو ایک یونیورسٹی کے کنووکیشن (تقریب تقسیم اسناد) میں گاؤن پوشاک پہنے نظر آ رہے ہیں۔ اس تصویر کو شیئر کرنے والے یوزرس کا دعویٰ ہے کہ تکشیلا یونیورسٹی-بہار نے تیج پرتاپ یادو کو ڈاکٹریٹ کی ڈگری عطا کی ہے۔
ایک یوزر نے لکھا،’یہ بتاتے ہوئے انتہائی مسرت ہو رہی ہے کہ لالو یادو کے بیٹے جناب تیج پرتاپ یادو (10 ناکام) نے تکشیلا یونیورسٹی، بہار سے ’ڈاکٹریٹ‘ کی ڈگری حاصل کی ہے۔ یہ تمام ہندوستانیوں کے لیے بڑے فخر کی بات ہے۔ ڈاکٹر تیج پرتاپ یادو کو مبارکباد۔ ایسا اتفاق صرف بھارت میں ہی ہوتا ہے..‘
فیکٹ چیک:
تیج پرتاپ یادو کی وائرل تصویر کی حقیقت جاننے کی غرض سے ہم نے انٹرنیٹ پر اسے ریورس امیج سرچ کیا ۔ ہمیں یہ تیج پرتاپ یادو کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر ملی جو تصویر 11 فروری 2017 کو ٹویٹ کی گئی تھی، جسے کیپشن،’آج IGIMS کے تیسرے کنووکیشن میں شرکت کی اور تمام پاس آؤٹ طلبہ کو ڈگری سرٹیفکیٹ اور گولڈ میڈل دیے گئے‘۔
وہیں، اس تناظر میں مزید تفتیش پر، ہمیں یہ ویڈیو یوٹیوب پر آر جے ڈی بہار کے چینل پر ملا۔ اس ویڈیو کو عنوان ،’ Tej pratap yadav in #igims on the occasion of 3rd convocation 2017 ‘دیا گیا ہے ۔اس ویڈیو میں تیج پرتاپ یادو طلبہ کو گولڈ میڈل اور ڈگری دیتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
وہیں تکشیلا یونیورسٹی کے بارے میں گوگل پر سرچ کرنے پرمعلوم ہوا کہ یہ پاکستان کے شہر راولپنڈی میں واقع ہے۔ وکی پیڈیا کے مطابق تکشیلا یونیورسٹی موجودہ پاکستان میں راولپنڈی سے 18 میل شمال میں واقع ہے۔
نتیجہ:
ہمارے فیکٹ چیک سے واضح ہے کہ تیج پرتاپ یادو کی وائرل تصویرپانچ سال پرانی ہے۔ تیج پرتاپ یادو کو ڈاکٹریٹ کی ڈگری نہیں دی گئی ہے لیکن تیج پرتاپ یادو IGIMS کے کنووکیشن میں شرکت کر رہے تھے،لہٰذا سوشل میڈیا یوزرس کا دعویٰ غلط ہے۔
دعویٰ: 10ویں فیل تیج پرتاپ یادو کو ملی ڈاکٹریٹ کی ڈگری
دعویٰ کنندگان: سوشل میڈیا یوزرس
فیکٹ چیک : فیک