ہندوستان میں کمبھ میلا لگ رہا ہے جو 26 فروری تک جاری رہے گا۔ سوشل میڈیا پر کمبھ سے جوڑتے ہوئے ایک ویڈیو وائرل ہے۔ اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سادھو جلتی ہوئی آگ پر لیٹے ہوئے ہیں۔ یوزرس یہ ویڈیو شیئر کر دعویٰ کر رہے ہیں کہ یہ منظر مہاکمبھ 2025 کا ہے۔
ونی نامی ایک یوزر نے ویڈیو شیئر کر لکھا، "ہریدوار سے کمبھ میں آئے سدھ سنت کا گنگا اسنان سے پہلے اگنی اسنان کرتے دیکھ بی بی سی کے رپورٹر کی نیندیں اڑ گئیں۔ جو بی بی سی دن رات ہندو دھرم اور ثقافت کو دیگر مذاہب کے مقابلے میں ہمیشہ کم تر دکھاتا رہا، اسی بی بی سی نے کل اسے اپنے چینل پر نشر کیا۔ "ایکتا کا مہاکمبھ۔
اس کے علاوہ دیگر یوزرس نے بھی ویڈیوز شیئر کر ایسے ہی دعوے کیے ہیں جنہیں یہاں ، یہاں اور یہاں کلک
کرکے دیکھا جاسکتا ہے۔
فیکٹ چیک
ڈی فریک ٹیم نے پڑتال کے لیے ویڈیو کے کی فریمس کو ریوَرْس امیج سرچ کیا -ہمیں کئی یوٹیوب چینلس پر یہ ویڈیو ڈاکیومنٹری کی شکل میں اپلوڈ ملا۔ دیوا بدھم نامی یوٹیوب چینل پر یہ ویڈیو 28 ستمبر 2012 کو اپلوڈ کیا گیا ہے ۔ اس ڈاکیومنٹری میں 17:30 منٹ کے ٹائم اسٹیمپ پر وائرل ویڈیو سے مشابہ مناظر دکھائے گئے ہیں۔جبکہ ڈاکیومنٹری کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ شری گرو رامباؤ سوامی کو آگ کے ساتھ خود کو ہم آہنگ کرنے کی منفرد صلاحیت حاصل ہے۔ یہ ڈاکیومنٹری ان کی کہانی پیش کرتی ہے اور ناظرین کو سائنسی توقعات سے ماورا ایک سفر پر لے جانے کی دعوت دیتی ہے۔ شری گرو رامباؤ سوامی گزشتہ 45 سالوں سے روزانہ اپنی پوری عاجزی کے ساتھ عالمی امن اور ہر فرد کے شعور کو بلند کرنے میں مدد کے لیے یہ نایاب اور منفرد 14 گھنٹے کا آگ کا رسم انجام دے رہے ہیں۔ شری گرو، جو بمشکل کھانے پینے میں دلچسپی رکھتے ہیں، دن میں صرف 3 گھنٹے سوتے ہیں اور فطرت، طب، اور فزکس کے کئی اصولوں کو چیلنج کرتے ہیں۔
جبکہ ایک دوسرے یوٹیوب چینل پر اس ڈاکیومنٹری کو 2 نومبر 2011 کو اپلوڈ کیا گیا ہے ۔
آگ پر لیٹنے والے سادھو بابا پر آج تک نے نومبر 2009 میں ایک ویڈیو رپورٹ شائع کی تھی۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا کہ تنجاور کے مہاراجہ رامبھؤ نے بھگوا لباس پہن کر گھنٹوں آگ میں تپ کیا، لیکن انہوں نے کسی طرح کا جلنے یا چوٹ پہنچنے کا سامنا نہیں کیا۔ ان کے بھکت اسے معجزہ مانتے ہیں۔
سینتالیس منٹ کی اس ڈاکیومنٹری کا ڈی وی ڈی ورژن آمازون پر دستیاب ہے
ہم نے بی بی سی ہندی پر بھی کمبھ 2025 میں سادھو بابا کے آگ پر لیٹنے کے بارے میں سرچ کیا لیکن ہمیں ایسی کوئی رپورٹ نہیں ملی۔
نتیجہ
ڈی فریک کے فیکٹ چیک سے واضح ہے کہ آگ پر لیٹے بابا کا یہ ویڈیو کمبھ 2025 کا نہیں ہے، بلکہ ایک ڈاکیومنٹری کا حصہ ہے، جس پر 2009 میں آج تک نے رپورٹ شائع کی تھی۔ اس لیے یوزرس کا دعویٰ گمراہ کن ہے