فلسطین کے لیے اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد ہادی نے غزہ میں تمام متحارب فریقین سے جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے میں بچوں کے مستقبل کو تحفظ دینے کے لیے 15 ماہ سے جاری تباہی کو روکا جائے۔
انہوں نے یہ بات شمالی غزہ کے دورے میں کہی جہاں انہوں نے فلسطینی سول سوسائٹی کے نمائندوں سے ملاقات کی اور غزہ شہر میں چرچ آف ہولی فیملی کا دورہ کیا۔
محمد ہادی مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی رابطہ کار اور مشرق وسطیٰ میں امن عمل کے لیے نائب خصوصی رابطہ کار کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
چرچ کے باہر ریکارڈ کرائے گئے اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ دوران جنگ چرچ، مساجد، شہریوں اور تمام شہری تنصیبات کو تحفظ دینا ضروری ہے۔ غزہ میں یہ تحفط اس لڑائی کو ختم کرنے اور جنگ بندی کے ذریعے ہی حاصل ہو سکتا ہے۔
چرچ کے دروازے پر بے گھر بچوں کے درمیان بات کرتے ہوئے محمد ہادی کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں بے خانماں بچوں کو اپنےگھروں میں واپسی کا حق حاصل ہے۔ یہ بچے اپنے مستقبل کے حوالے سے پرامید ہیں، تاہم تعلیم اور مناسب طبی نگہداشت کے بغیر ان کا مستقبل تاریک ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ وہ چرچ کے سامنے کھڑے ہو کر جنگ بندی کی اپیل کرتے ہیں تاکہ ناصرف ان بچوں بلکہ پورے خطے کے بچوں کو روشن مستقبل میسر آئے۔