غزہ میں جاری تباہ کن جنگ کی خبریں دینے والے فلسطینی صحافیوں کو آزادیٔ صحافت کے یونیسکو/گوئلرمو کینو اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
اسرائیل کی بے رحمانہ بمباری میں اپنے ملک کے بیشتر حصے کی تباہی پر رپورٹنگ کرنے اور دنیا کو غزہ کے حالات سے آگاہ کرنے والے ان صحافیوں کو یہ اعزاز منصفین کی ایک بین الاقوامی کمیٹی کی سفارشات پر دیا گیا۔ یہ کمیٹی ذرائع ابلاغ سے تعلق رکھنے والے ماہرین پر مشتمل تھی۔
منصفین کے سربراہ موریسیو ویبل نے کہا ہے کہ تاریکی اور ناامیدی کے ایام میں وہ ان فلسطینی صحافیوں کو یکجہتی کا پیغام دیتے اور ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں جو غیرمعمولی حالات میں بھی اس بحران کے بارے میں اطلاعات فراہم کرتے آئے ہیں۔ دنیا پر آزادی اظہار کے لیے ان صحافیوں کی جرات اور عزم کا قرض ہے۔
صحافیوں کے تحفظ کی یاد دہانی
اقوام متحدہ کے سائنسی، تعلیمی اور ثقافتی ادارے کی سربراہ آدرے آزولے کا کہنا ہے کہ یہ اعزاز آگاہی دینے اور تحقیق کے لیے صحافیوں کے ضروری کام کا تحفظ یقینی بنانے کی غرض سے اجتماعی اقدام کی اہمیت یاد دلاتا ہے۔
غزہ میں جاری تنازع میں صحافیوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ یونیسکو نے اپنے شراکت دار غیرسرکاری اداروں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 کے بعد علاقے میں 26 صحافی اپنا کام کرتے ہوئے ہلاک ہو چکے ہیں۔ ادارے نے ان واقعات کی مذمت کرتے ہوئے انہیں افسوسناک قرار دیا ہے۔
یونیسکو جنگ اور بحران زدہ علاقوں سے اطلاعات دینے والے صحافیوں کو مدد بھی فراہم کر رہا ہے۔ اس ضمن میں غزہ کے صحافیوں کو ضروری سازوسامان پہنچانے کے علاوہ یوکرین اور سوڈان میں انہیں کام کا محفوط ماحول مہیا کرنے اور ہنگامی مالی مدد کی فراہمی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔