یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے ہینز گرنڈبرگ نے یمن میں حوثیوں (انصاراللہ) اور اسرائیل کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
یمن کی صورتحال پر جاری کردہ بیان میں ان کا کہنا ہے کہ یمن کو وسیع تر جغرافیاتی سیاسی تنازع کا میدان نہیں بننا چاہیے۔ فریقین ایک دوسرے پر حملوں کو روکیں اور کشیدگی میں کمی لانے کے لیے تمام دستیاب سفارتی ذرائع سے کام لیں۔
انہوں نے اسرائیل کے حالیہ حملوں میں شہریوں کے ہلاک و زخمی ہونے پر بھی تشویش ظاہر کی ہے۔
حوثیوں کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کے حملوں میں اس کے متعدد اعلیٰ حکام اور بعض سیاسی مذاکرات کار بھی ہلاک ہو گئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے نمائندے نے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے شہریوں اور شہری تنصیبات کو تحفظ دیں۔
UN news

