- UN News
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل فلسطین تنازع نازک موڑ پر پہنچ گیا ہے جس کا دو ریاستی حل نکالنے کے لیے دلیرانہ سیاسی اقدامات کی ضرورت ہے اور امن کوششوں کو منظم طور سے سبوتاژ کرنے کا سلسلہ روکنا ہو گا۔
اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں فلسطینی مسئلے کے پرامن حل سے متعلق اعلیٰ سطحی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ اس تنازع میں لوگوں کی زندگیاں ختم ہو رہی ہیں، ان کے مستقبل تباہ ہو رہے ہیں اور ناصرف خطہ بلکہ پوری دنیا عدم استحکام کا شکار ہو رہی ہے۔
یہ تنازع کئی نسلوں سے چلا آ رہا ہے جس میں امیدوں نے دم توڑا، سفارت کاری ناکام رہی، بے شمار قراردادیں اکارت گئیں اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہوتی رہی۔ لیکن یہ ہمیشہ جاری نہیں رہے گا، اس کا حل ممکن ہے جو سیاسی عزم، دلیرانہ قیادت اور سچائی کا تقاضا کرتا ہے۔ سچائی یہ ہے کہ اس مسئلے کا دو ریاستی حل پہلے سے کہیں مشکل دکھائی دیتا ہے۔
سیکرٹری جنرل نے اسرائیل پر 7 اکتوبر کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ متواتر کہتے آئے ہیں کہ بے گناہ شہریوں کو قتل اور اغوا کرنے کا کوئی جواز نہیں اور ان واقعات کے بعد غزہ میں جو کچھ ہوا اس کا بھی کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں شہری بدترین بھوک کا شکار ہیں، ہزاروں لوگ ہلاک ہو چکے ہیں، علاقے میں بہت بڑے پیمانے پر مسلسل نقل مکانی ہو رہی ہیں اور مغربی کنارے میں فلسطینیوں کو آباد کاروں کے تشدد اور اسرائیل کی جانب سے اپنے علاقوں پر ناجائز قبضے کا سامنا ہے۔
یکطرفہ اقدامات ناقابل قبول
انتونیو گوتیرش نے کہا کہ یکطرفہ اقدامات فلسطینی مسئلے کے دو ریاستی حل کے امکانات کو ہمیشہ کے لیے کمزور کر دیں گے۔ ایسے اقدامات ناقابل قبول ہیں اور انہیں روکا جانا چاہیے۔ یہ اکا دکا واقعات نہیں بلکہ مشرق وسطیٰ میں امن کی بنیاد کو ختم کرنے کی منظم کوشش کا حصہ ہیں۔
مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے موضوع پر تین روزہ کانفرنس اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قراردادوں ای ایس۔24/10 اور 81/79 کے تحت ہو رہی ہے جس کے میزبان فرانس اور سعودی عرب ہیں۔ اس میں فلسطینی علاقوں میں سلامتی کے انتظام، امدادی ضروریات، تعمیرنو اور مستقبل کی فلسطینی ریاست کے معاشی طور پر قابل عمل ہونے کے موضوعات پر بات چیت ہو گی۔

اقوام متحدہ کے سربراہ مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل پر ہونے والی کانفرنس کے شرکاء کے ساتھ۔
امن کا واحد راستہ
انتونیو گوتیرش نے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ اس اجلاس کو محض بات چیت تک ہی محدود نہ رہنے دیں بلکہ اسے ایک ایسا فیصلہ کن موڑ ہونا چاہیے جو فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے کے خاتمے کی جانب ناقابل واپسی پیش رفت اور مسئلے کے قابل عمل دو ریاستی حل میں مدد دے۔
انہوں نے اس مسئلے پر اقوام متحدہ کے دیرینہ موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دو ریاستی حل ہی امن کی جانب واحد راستہ ہے جس کے تحت اسرائیل اور فلسطین 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیا پر ایک دوسرے کے ساتھ امن و سلامتی سے رہیں اور یروشلم دونوں ریاستوں کا مشترکہ دارالحکومت ہو۔ یہی پورے مشرق وسطیٰ میں امن قائم کرنے کا ناگزیر اور ضروری طریقہ ہے۔
اجلاس کے پہلے روز فرانس کے وزیر برائے یورپ و خارجہ امور ژاں نوئل بارو، سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان اور فلسطینی ریاست کے وزیراعظم محمد مصطفیٰ نے بھی خطاب کیا۔

