مصر اور لیبیا میں ’غزہ عالمی مارچ‘ پر حملہ کرنے والوں کے محاسبے کا مطالبہ

مصر اور لیبیا میں ’غزہ عالمی مارچ‘ پر حملہ کرنے والوں کے محاسبے کا مطالبہ

Featured

اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق (او ایچ سی ایچ آر) نے مصر اور لیبیا پر زور دیا ہے کہ وہ ‘غزہ کی جانب عالمی مارچ’ کے شرکا پر طاقت کے غیرضروری اور غیرمتناسب استعمال کے ذمہ داروں کا محاسبہ یقینی بنائیں۔

ادارے کے ترجمان ثمین الخیطان نے کہا ہے کہ اس مارچ کے شرکا فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور غزہ میں انسانی امداد پہنچانے کے لیے نکلے تھے جن پر باوردی اور سادہ لباس میں سکیورٹی اہلکاروں نے تشدد کیا اور انہیں حراست میں لیا۔

انہوں نے مصر اور مشرقی لیبیا کے حکام سے کہا ہے کہ ناجائز طور پر گرفتار کیے گئے تمام کارکنوں کی فوری رہائی کو یقینی بنایا جائے۔

ترجمان کے مطابق، مصر اور لیبیا کی جانب سے انسانی حقوق کے کارکنوں کے خلاف طاقت کا غیرضروری استعمال، ان کی ناجائز گرفتاریاں، بدسلوکی اور جبری ملک بدری ان لوگوں کے آزادی، تحفظ، اظہار اور پرامن اجتماع کے حق کی پامالی کے مترادف ہے۔ مارچ میں شامل خواتین کے خلاف جنسی اور صنفی بنیاد پر تشدد کی پریشان کن اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ مصر میں باوردی سکیورٹی کی موجودگی میں سادہ لباس پہنے اہلکاروں کی جانب سے کارکنوں پر حملے باعث تشویش ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اس موقع پر سکیورٹی اہلکاروں نے تشدد روکنے کے لیے کوئی مداخلت نہ کی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ مصر اور لیبیا کے حکام ان واقعات کی فوری، غیرجانبدارانہ اور مفصل تحقیقات کریں۔ دونوں ممالک اظہار اور پرامن اجتماع کی آزادی کا احترام کریں اور اسے یقینی بنائیں۔