سماج وادی پارٹی ایس پی کے ایم ایل اے محبوب علی کا ایک ویڈیو مین اسٹریم میڈیا اور سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ وائرل ویڈیو کو اس طرح پیش کیا جا رہا ہے جیسے محبوب علی نے مسلمانوں کی آبادی بڑھنے پر بی جے پی کا راج ختم ہونے کی وارننگ دی ہو ،اس وائرل ویڈیو میں محبوب علی کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ‘اب فیصد بڑھ رہا ہے، اب تمہارا راج ختم ہو جائے گا۔ مسلمانوں کی آبادی بڑھ رہی ہے، وہ آگے اقتدار میں آ جائں گے۔ اور آنے والے سال 2027 میں آپ جائیں گے ضرور اور انشاء اللہ ہم آئیں گے ضرور۔
ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انشل سکسینہ نامی یوزر نے لکھا، ‘آپ کا راج ختم ہو جائے گا۔ مسلمانوں کی آبادی بڑھ رہی ہے، اور ہم اقتدار میں آئیں گے۔ ~ سماج وادی پارٹی کے ایم ایل اے محبوب علی۔ وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ ڈیموگرافی ہی مقدر ہے۔
اس کے علاوہ نیوز پریزینٹر اشوک شریواستو، راہل شیوشنکر نے بھی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ
محبوب علی نے متنازعہ ریمارکس کیے ہیں۔ وہیں نوبھارت ٹائم، جاگرن، سودیش نیوز نے بھی وائرل ویڈیو
سے محبوب علی کے متنازعہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے خبریں شائع کی ہیں۔
فیکٹ چیک
ڈی فریک ٹیم نے وائرل ویڈیو کی تحقیقات کے لیے بجنور میں مقیم مقامی صحافی ارباب رحمانی سے رابطہ کیا، جو نیوز ایکشن نام کا ایک نیوز چینل چلاتے ہیں۔ اور بجنور کی مقامی خبروں کو کور کرتے ہیں۔ ارباب رحمانی نے ہی ہمیں محبوب علی کی تقریباً 12 منٹ کی تقریر کی مکمل ویڈیو فراہم کی۔ ہماری ٹیم نے مکمل ویڈیو کو سنا۔
محبوب علی کا بیان اس ویڈیو کے 7 منٹ 20 سیکینڈ سے 8 منٹ 52 سیکینڈ تک کے حصے میں سنا جا سکتا ہے۔ اس بیان میں محبوب علی کہتے ہیں،“ہم سب پی ڈی اے پچھڑے، دلت اور اقلیت ہیں، ہر شخص ملک میں امن چاہتا ہے۔ ہر شخص ملک میں شانتی چاہتا ہے۔ ہم بھائی چارہ، محبت کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں۔ امن پرستی سے اوپر ہمارے لیے کچھ نہیں ہے۔ لیکن کہیں کچھ لوگ آتے ہیں، اب فیصد بڑھ رہا ہے۔ کان میں کہیں گے، جھولا ڈال کے آئیں گے، ‘آنے والے وقتوں میں سنبھل جاؤ۔ اب تمہارا راج ختم ہو جائے گا۔ آبادی بڑھ رہی ہے مسلمانوں کی اتنی… اور آگے ستّا میں آ جائیں گے…’ یہ کام تو مغلوں کے بس کا نہیں جو 850 سال حکومت کر گئے۔ ان کی حیثیت کچھ نہیں ہوئی۔ آج گمراہ کر کے ملک کو چلانے والے یہ اعتبار کر لیں کہ ہندوستان کا عوام جاگ چکا ہے، پارلیمنٹ میں بھی جواب دیا ہے اور آنے والے 2027 میں آپ جائیں گے ضرور۔ اور ان شاء اللہ ہم سماج وادی پارٹی آئیں گے ضرور”۔
#فیکٹ_چیک#ڈی_فریک ٹیم نے وائرل ویڈیو کی تحقیقات کے لیے بجنور میں مقیم مقامی صحافی ارباب رحمانی سے رابطہ کیا، جو نیوز ایکشن نام کا ایک نیوز چینل چلاتے ہیں۔ اور بجنور کی مقامی خبروں کو کور کرتے ہیں۔ ارباب رحمانی نے ہی ہمیں محبوب علی کی تقریباً 12 منٹ کی تقریر کی مکمل ویڈیو فراہم… pic.twitter.com/FjtTueR2Yo
— DFRAC Urdu (@Dfrac_urdu) October 5, 2024
ارباب رحمانی نے ہمیں بتایا کہ محبوب علی کا بیان مسلم آبادی بڑھنے پر بی جے پی کو اقتدار سے ہٹانے کے بارے میں نہیں تھا۔ بلکہ وہ ان لوگوں کی بات کر رہے تھے جو مسلمانوں کے بارے میں لوگوں کو گمراہ کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ ہماری ٹیم نے بجنور کے مقامی اخبار ‘بجنور ٹائمز’ کے رپورٹر شیخ محمد عادل سے رابطہ کیا۔ انہوں نے ہمیں بجنور ٹائمز اخبار میں شائع خبر کا اسکرین شاٹ بھیجا۔ بجنور ٹائمز کی اس خبر میں بجنور کے سماج وادی پارٹی ضلع صدر شیخ ذاکر حسین کا بیان شائع ہوا ہے، جس میں سماج وادی پارٹی کے ضلع صدر نے محبوب علی کے اشتعال انگیز تقریر کرنے کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ محبوب علی کے بیان میں کوئی اشتعال انگیز بات نہیں ہے۔
نتیجہ
ڈی فریک کے فیکٹ چیک سے صاف ہے کہ ایس پی ایم ایل اے محبوب علی کا بیان نامکمل طور پر شیئر کیا گیا ہے، وہ مسلمانوں کے نام پر لوگوں کو گمراہ کرنے والوں کے بارے میں بات کر رہے تھے۔ لہذا یوزرس کا دعویٰ گمراہ کن ہے۔