کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا رکن راہل گاندھی کنیا کماری سے کشمیر تک ’بھارت جوڑو یاترا‘ نکال رہے ہیں۔ راہل گاندھی کی اس ’یاترا‘ کے ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیے جا رہے ہیں۔ اس دوران راہل کی تقریر کا 9 سیکنڈ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر جم کر وائرل ہو رہا ہے۔ اس ویڈیو کو شیئر کرنے والے یوزرس، دعویٰ کر رہے ہیں کہ راہل گاندھی نے کہا کہ ہمیں ہندو اور ہندوتواوادیوں کو اقتدار سے باہر کرنا ہے۔
اس ویڈیو کو شیئر کرنے والے سوشل میڈیا یوزرس، راہل گاندھی کو ہدفِ تنقید بنا رہے ہیں اور انہیں ہندوؤں سے نفرت کرنے والا قرار دے رہے ہیں۔ ایس این سنگھ نامی یوزر نے لکھا- ہمیں ایک بار پھر ان ’ہندو‘ اور ’ہندوتواوادیوں‘ کو باہر نکالنا ہے — راہل گاندھی! ہندوؤں سے اتنی نفرت ٹھیک نہیں، راہل جی‘۔
جتیندر کمار نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا،’ہمیں ایک بار پھر ان ’ہندو‘ اور ’ہندوتوادیوں‘ کو باہر نکالنا ہوگا – راہل گاندھی! پی ایم تو، تو سات جنم میں بھی نہیں بن پائے گا لیکن ہندوؤں سے یہی نفرت تجھے ایک دن اٹلی ضرور پہنچا دے گی پپّو!‘
علاوہ ازیں کئی دیگر یوزرس بھی اس ویڈیو کو شیئر کر رہے ہیں۔
فیکٹ چیک:
وائرل ویڈیو کا فیکٹ چیک کرنے کے لیے DFRAC ٹیم نے InVid ٹول کا استعمال کرتے ہوئے ویڈیو کو متعدد فریم میں تبدیل کیا۔ بعد ازاں انھیں ریورس امیج سرچ کیا۔ ہمیں 12 دسمبر 2021 کو انڈین نیشنل کانگریس کے آفیشل یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کردہ ایک ویڈیو ملا۔ اس ویڈیو کو عنوان،’راہل گاندھی نے راجستھان کے دارالحکومت جے پور’مہنگائی ہٹاؤ مہاریلی’ سے خطاب کیا‘دیا گیا ہے۔
کل 30:33 منٹ کے دورانیے پر مشتمل اس ویڈیو میں راہل گاندھی کی وائرل ویڈیو کلپ کو 12:00 سے 12:40 منٹ کے حصے میں دیکھا اور سنا جاسکتا ہے۔ اپنی تقریر کے دوران راہل گاندھی عوام کو ہندو اور ہندوتواوادی ہونے کا فرق بتا رہے تھے۔ انہوں نے گاندھی جی کو سچائی اور عدم تشدد کی راہ پر چلنے والا سچا ہندو قرار دیا جبکہ گاندھی جی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کو ہندوتوادی قرار دیا۔
DFRAC نے فیکٹ چیک کے دوران پایا کہ راہل گاندھی کی وائرل تقریر آدھی ادھوری شیئر کی جا رہی ہے۔ راہل گاندھی کی پوری تقریر تھی-’ہمیں ان ہندوتواوادیوں کو باہر نکالنا ہے اور ایک بار پھر ہندوؤں کا راج لانا ہے‘۔
نتیجہ
ہمارے فیکٹ چیک سے یہ واضح ہو رہا ہے کہ راہل گاندھی کی تقریر کےادھورے حصے کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا جا رہا ہے۔ راہل گاندھی نے اپنی تقریر میں ہندوتواوادیوں کو اقتدار سے ہٹا کر ہندوؤں کی حکمرانی قائم کرنے کی بات کی ہے، لہٰذا سوشل میڈیا یوزرس کی جانب سے کیا جا رہا دعویٰ غلط ہے۔
دعویٰ: راہل گاندھی نے کہا- ہمیں ہندوؤں اور ہندوتواوادیوں کو اقتدار سے باہر کرنا ہے
دعویٰ کنندگان: سوشل میڈیا یوزرس
فیکٹ چیک: فیک