بہار کے نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ اس ویڈیو کو شیئر کرنے والےیوزرس دعویٰ کر رہے ہیں کہ تیجسوی یادو اب بہار کے نوجوانوں کو حکومت بننے پر 10 لاکھ نوکریاں دینے کے وعدے پر گول مول جواب دے رہے ہیں۔ درحقیقت تیجسوی یادو نے 2020 کے بہار اسمبلی انتخابات کے دوران ریاست کے نوجوانوں سے وعدہ کیا تھا کہ کابینہ کی پہلی میٹنگ میں وہ 10 لاکھ نوجوانوں کو نوکریاں دینے کی تجویز کو منظوری دیں گے۔
زی نیوز کے انٹرویو ویڈیو کے 21 سیکنڈ کے وائرل ویڈیو میں تیجسوی یادو کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے،’تو آپ یہ کہہ سکتے ہیں کہ 10 لاکھ کا وعدہ جو ہم نے کیا تھا اس کمٹمنٹ (وعدہ) کو ہم لوگ پورا کریں گے۔ اور ہم نے جس 10 لاکھ کا وعدہ کیا تھا، تو بولا تھا کہ وزیراعلیٰ بنیں گے تب۔ابھی تو ہم نائب وزیر اعلیٰ ہیں‘۔ اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے بہار کے بیگوسرائے سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے لکھا -،’لاکھ نوکریاں دینے کا جو وعدہ ہم نے کیا تھا، وہ ہم وزیراعلیٰ بننے پر پورا کریں گے، ابھی تو ہم نائب وزیر اعلیٰ ہیں‘۔
وہیں اس ویڈیو کو دیگر سوشل میڈیا یوزرس کی جانب سے بھی شیئر کیا جا رہا ہے۔
فیکٹ چیک:
وائرل ویڈیو کی جانچ- پڑتال کے لیے، ہم نے زی نیوز کے یوٹیوب چینل پر تیجسوی یادو کا پورا انٹرویو دیکھا۔ اس ویڈیو میں تیجسوی یادو کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے،’تو آپ یہ کہہ سکتے ہیں کہ 10 لاکھ کا وعدہ جو ہم نے کیا تھا،اس کمٹمنٹ کو ہم لوگ پورا کریں گے۔ اور جو ہم نے 10 لاکھ کا وعدہ کیا تھا، تو بولا تھا کہ وزیراعلیٰ بنیں تب، ابھی تو ہم نائب وزیراعلیٰ ہیں۔ لیکن وزیراعلیٰ صاحب نے ہم سے بات چیت کی ہے۔ وہ اس بابت سنجیدہ ہیں۔تو زیادہ سے زیادہ جو نوکریاں ہیں، اسے دینے کے لیے ہم نے حکام کو ہدایت دی ہے۔ آپ تو جان رہے ہیں، ابھی ٹرسٹ ووٹ ہونا ہے۔ ایک بار ٹرسٹ ووٹ ہو جائے۔ گورنمنٹ فارم ہو جائے، اس کے بعد یہ کام ہوگا لوگوں کے لیے اور ضرور ہوگا۔ ہمارے ہاتھوں نہیں ہوگا تو نتیش جی کے ہاتھوں ہوگا۔ وزیراعلیٰ صاحب کریں گے تو ہمیں اور زیادہ خوشی ہوگی‘۔
وہیں گری راج سنگھ کے ٹویٹ کو کوٹ ری-ٹویٹ کرتے ہوئے تیجسوی نے لکھا،’ شریمان جی، اتنے بے شرم مت بنیے۔ ایک فٹ لمبی چوٹی رکھنے سے کوئی گیانی نہیں بن جاتا، جیسے آپ رکھتے ہیں۔ آپ لوگوں کی ان چِرکُٹ حرکتوں، ایڈیٹیڈ ویڈیوز و سڑک چھاپ بیانوں کی بدولت ہی بی جے پی کا یہ ابترحال ہے۔ ان بے چاروں کا بہار میں کوئی چہرہ ہی نہیں۔ باقی اس پورے ویڈیو کو سن خوشی منائیے‘۔
نتیجہ:
ہمارے فیکٹ چیک سے ثابت ہو رہا ہے کہ تیجسوی یادو کی بابت کیا جا رہا دعویٰ گمراہ کن ہے۔ ان کے انٹرویو کا ایک چھوٹا سا حصہ شیئر کرکے گمراہ کن دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ پورا انٹرویو سننے کے بعد معلوم ہو گا کہ تیجسوی یادو عوام کو 10 لاکھ نوکریاں دینے کا وعدہ پورا کرنے کی بات کر رہے ہیں۔
دعویٰ: 10 لاکھ نوکریاں دینے کے وعدے پر تیجسوی یادو دے رہے ہیں گول مول جواب
دعویٰ کنندگان:گری راج سنگھ و دیگر سوشل میڈیا یوزرس
فیکٹ چیک: گمراہ کن